پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کا فائنل بہت اچھا ہونے کی توقع ہے، کوشش یہی ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں دوسری بیٹنگ کرنے والے جیت رہے ہیں، موسم اور اوس پڑنے کی وجہ سے ٹاس اہمیت کا حامل ہے، اس کے ساتھ ساتھ وکٹ بھی بہتر ہوجاتی ہے اور بلے پر گیند اچھی آتی ہے، میرا خیال ہے کہ سیکنڈ بیٹنگ کرنے والے کو فائدہ ہوتا ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ ایشیا کپ میں کافی اچھے اچھے اور مشکل میچ ہوئے ہیں، میچوں کے درمیان اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا لیکن ٹیم کی طرف سے اچھی اچھی کارکردگی دکھائی گئی اور مختلف کھلاڑی مین آف دی میچ بنے۔ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے پر پُرجوش ہیں، میں خوش قسمت ہوں کہ میری کپتانی میں ٹیم فائنل میں پہنچی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم بہت اچھی ہے، لڑکے جس کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، ہر میچ میں دیکھ لیں کہ ہر لڑکا آگے آرہا ہے، اور ہر میچ میں نئے مین آف دی میچ ہو رہے ہیں۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلوں کے میچز بہت دلچسپ ہوئے، افغانستان کے خلاف میچ انتہائی غیرمعمولی ہوا تھا لیکن ہم اس کی توقع نہیں کررہے تھے، جس طرح نسیم شاہ نے دو چھکے لگائے، انہوں نے جاوید میانداد کی یاد دلائی۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے توقع ہے کہ ایشیا کپ کا فائنل بہت اچھا ہوگا، کوشش یہی ہوگی کہ بہترین کرکٹ کھلیں تاہم ایشیا کپ میں دوسری بیٹنگ کرنے والے جیت رہے ہیں۔پاکستانی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ موسم اور اوس پڑنے کی وجہ سے ٹاس اہمیت کا حامل ہے، اس کے ساتھ ساتھ وکٹ بھی بہتر ہوتی ہے اور بلے پر گیند اچھی آتی ہے، میرا خیال ہے کہ سیکنڈ بیٹنگ کرنے والے کو فائدہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فین ہمیشہ سپورٹ کرتے ہیں، کبھی اچھی پرفارمنس ہوتی ہے اور کبھی نہیں ہوتی، فینز وہی ہوتے ہیں جو اپنی ٹیم کو ہر وقت سپورٹ کریں۔خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ ٹی20 کا فائنل 11 ستمبر (اتوار) کو انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم دبئی میں کھیلا جائے گا۔










