ایشیا کپ: سلو اوور ریٹ پر پاک-بھارت ٹیموں پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ

ایشیا کپ 2022 میں 28 اگست کو کھیلے گئے میچ میں سلو اوور ریٹ کی وجہ سے پاکستان اور بھارت دونوں ٹیموں پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایشیا کپ کے گروپ اے کے میچ میں آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل میچ ریفری جیف کروو نے روہت شرما اور بابر اعظم کی ٹیموں کو مقررہ وقت میں 2، 2 اوورز کم کروانے پر سزا سنائی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے کوڈ آف کنڈٹ کے آآرٹیکل 2.22 کے مطابق یہ فیصلہ کیا، جس کے مطابق اگر کوئی بھی سائیڈ مقررہ وقت میں اوورز ختم نہ کرسکے تو کھلاڑیوں پر فی اوور میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور بھارتی کپتان روہت شرما نے اس حوالے سے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور جرمانہ قبول کرلیا جس کی وجہ سے باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔آن فیلڈ امپائر مسعود الرحمٰن اور روچرا پلیاگرج، ٹی وی امپائر ویمالاسری اور چوتھے امپائر گازی سوہیل نے یہ الزام لگایا۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اگلا میچ 2 ستمبر بروز جمعہ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔خیال رہے کہ ایشیا کپ 2022 کے اہم میچ میں بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو آخری اوور میں 5 وکٹوں پر 148 رنز بنا کر 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔پاکستان نے اہم میچ میں بھارت کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 147 رنز بنائے تھے اور روایتی حریف ٹیم کے باؤلرز کے سامنے پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی تھی۔دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2022 کے اہم میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔روایتی حریف ٹیموں نے پہلے ہی اوور میں امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو لیا، پہلے محمد رضوان نے ایل بی ڈبلیو کے خلاف رجوع کیا اور کامیاب ہوئے تھے۔بھارت نے پہلے اوور کی آخری گیند پر رضوان کو آؤٹ قرار نہ دینے پر ریویو لیا تاہم یہ ریویو بھی پاکستان کے حق میں گیا اور رضوان اس دفعہ بھی آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔بابراعظم نے دو پراعتماد چوکے لگائے لیکن بھونیشور کمار کے دوسرے اور اننگز کے تیسری اوور کی چوتھی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ارشدیپ سنگھ کا کیچ بنے۔فخرزمان نے دو چوکوں کی مدد سے 10 رنز بنائے اور اویش خان کی گیند پر وکٹ کیپر کارتھک کو کیچ دے گئے۔افتخار احمد نے 12 ویں اوور میں چاہل کو ایک بلند وبالا چھکا رسید کیا لیکن اگلے اوور میں پانڈیا نے ان کی 28 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ہارڈیک پانڈیا نے پاکستانی بلے بازوں کو برق رفتاری سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی اور 41 گیندوں پر 43 رنز بنانے والے محمد رضوان کو اویش خان کے ہاتھوں آؤٹ کرادیا۔محمد رضوان نے 42 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ بھی ہارڈک پانڈیا کی گیند سمجھ نہیں پائے اور سیدھے فیلڈر کے ہاتھ میں کیچ دے دیا اور 7 گیندوں کا سامنا کرکے صرف 2 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔آصف علی بھی غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 9 رنز کا اضافہ کرکے بھونیشور کمار کی وکٹ بنے۔محمد نواز نے 3 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک رن بنا کر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر وکٹ کیپر کارتھک کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔شاداب خان نے 9 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکے کی مدد سے 10 رنز بنائے اور بھونیشور کمار کی تیسری وکٹ بنے۔بھونیشور کمار نے اپنے آخری اوور میں شاداب کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نسیم شاہ کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک گیند پر پہنچے اور مشکلات کا شکار پاکستانی ٹیم کو مزید مشکل میں ڈال دیا۔شاہنواز دھانی نے بھونیشوار کمار کے ہیٹ ٹرک کے عزائم خاک میں ملائے اور اس کے بعد اگلی گیند پر چھکا رسید کیا، یہی نہیں دھانی نے اگلے اوور میں ارشدیپ سنگھ کو بھی چھکا لگا کر پاکستان کا اسکور 147 رنز تک پہنچایا۔پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔بھارت نے ہدف کا تعاقب کیا تو ٹی20 کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر کے ایل راہول کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کی امیدیں بڑھائیں۔نسیم شاہ نے نئے آنے والے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو پہلی گیند پر پریشان کیا جبکہ اگلی گیند پر کوہلی نے سلپ پر کیچ دیا لیکن فخر زمان اس کا انتظام کرنے میں ناکام ہوئے۔بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے تحمل کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی لیکن آٹھویں اوور میں محمد نواز کی گیند پر ایک بلند شاٹ کھیلنے کی کوشش میں افتخار احمد کا کیچ بنے۔ویرات کوہلی نے 34 گیندوں کا سامنا کیا اور 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کا کیچ افتخار احمد نے لیا۔نسیم شاہ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو وکٹ دلائی اور وکٹ پر جم کر کھیلنے والے سوریہ کمار یادیو کو آؤٹ کیا، جنہوں نے 18 رنز بنائے تھے۔آخری اوور کرانے کے لیے محمد نواز آئے اور پہلی ہی گیند پر جڈیجا کی وکٹیں اڑادیں، جنہوں نے 29 گیندوں پر 35 رنز بنائے تھے۔محمد نواز نے آخری اوور میں اچھی باؤلنگ اور بلے بازوں بڑی حد تک دباؤ میں رکھا لیکن نئے آنے والے بلے باز دنیش کارتھک نے چوتھی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔بھارت نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے اور میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔بھارت کے ہارڈک پانڈیا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔