ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ یونانی ادویات پر مبنی بین الاقوامی کانفرنس اِختتام پذیر

ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ یونانی ادویات پر مبنی بین الاقوامی کانفرنس اِختتام پذیر

سرینگر//سینٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن ( سی سی آر یو ایم ) کے زیر اہتمام یونانی میڈیسن پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس ایس کے آئی سی سی میں اختتام پذیر ہوئی جس میں نامور مقررین نے آیوش نظام کے فروغ اور پرچار کیلئے مل کر کام کرنے پر زور دیا ۔ کانفرنس کے اختتامی دن وائس چانسلر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری پروفیسر اکبر مسعود ، ڈی جی سی سی آر ایم وزارت آیوش پروفیسر عاصم علی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انچارج آر آر آئی یو ایم سرینگر وزارت آیوش ڈاکٹر سیما اکبر کے علاوہ دیگر نے شرکت کی ۔ مقررین نے آج ہمیں درپیش صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مقامی طب کے نظام کی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے اور تمام طبی نظاموں کے انضمام اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تدریس، تحقیق اور مشق کے سب سے بڑے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ہندوستان بلاشبہ دواؤں کی روائتی شکل میں عالمی رہنما ہے ۔ کانفرنس کے دوران متعدد قومی اور بین الاقوامی ماہرین اور ہیلتھ سائنسز کے شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کانفرنس میں اپنے علم ، تجربات اور مہارت سے آگاہ کیا ۔ پروگرام میں یونانی میڈیسن اور متعلقہ ہیلتھ سائینسز کی ترقی میں مصروف صنعت ، اکیڈمی اور تحقیقی اداروں کے شراکت داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔