سری نگر//ایس پی کالج سری نگر نے آج نشاط باغ سے نسیم باغ حضرت بل تک سالانہ کالج روڈ ریس 2022ء کا اِنعقاد کیا۔روڈ ریس کا اِنعقاد محکمہ فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس نے کالج سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے مئی 2022ء کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے مطابق کیا ہے۔لڑکوں کی دوڑ کو آج صبح کالج کے پرنسپل پروفیسر خورشید احمد خان نے نشاط باغ سے نسیم باغ حضرت بل تک ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس دوڑ میں تقریباً کالج کے 60 طلاب نے حصہ لیا ۔یہ روڈ ریس فور شور روڈ اورڈک پارک سے ہوتے ہوئے نسیم باغ حضرت بل میں اِختتام پذیر ہوئی اور 6کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔معراج الدین نے 5بج کر 24منٹ کے ٹائمنگ کے ساتھ پہلے اور سہیل اشرف 4بج کر 26منٹ کے ٹائمنگ کے ساتھ دوسرے اور سہیل بشیر 3 بج کر 28منٹ کے ٹائمنگ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔ انعامات کی تقسیمی تقریب نسیم باغ میں منعقد ہوئی جس میں کلسٹر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر قیوم حسین نے جیتنے والوں کو ٹرافیاں ، میڈلز اور جاگنگ شوز سے نوازا۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکأ کو مبارک باد دی اور اُنہیں یقین دِلایا کہ کلسٹر یونیورسٹی کھیلوں کی مجموعی ترقی کے لئے مطلوبہ بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔پرنسپل ایس پی کالج پروفیسر خورشید احمد خان نے شرکأ کو مبارک باد پیش کی اور ان پر زور دیا کہ وہ ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔پرنسپل نے ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر سپورٹس کمیٹی کے ممبران کو بھی سراہا۔سیکرٹری سپورٹس کلسٹر یونیورسٹی پروفیسر طارق عشائی نے اچھی صحت کے حصول اور کردار کی تعمیر کے لئے کھیل سرگرمیوں کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اِس موقعہ پر پروفیسر بشیر احمد میر ( سربراہاں کیمسٹری ) ، پروفیسر ولایت رِضوی ( سربراہاں نباتات) اور پروفیسر منظور احمد وانی ( ایسو سی ایٹ پروفیسرنباتات ) نے بھی طلبا کو کھیلوں کی اہمیت سے آگاہ کیا اور اُن پر زو ردیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ ایونٹوں میں شرکت کریں ۔










