ایس پی ایس میوزیم میں دریافت شدہ دسویں صدی کاشولِنگ کو عوامی نمائش کیلئے محفوظ رکھا گیا

ایس پی ایس میوزیم میں دریافت شدہ دسویں صدی کاشولِنگ کو عوامی نمائش کیلئے محفوظ رکھا گیا

سری نگر//محکمہ آرکیوز ، آر کیولوجی و میوزم کو پتھر سے تراشے گئے ایک قدیم شولِنگ کی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے جس کی لمبائی 137 سینٹی میٹر اور چوڑائی 160 سینٹی میٹر ہے جو دسویں صدی عیسوی کی ہے ۔ یہ شِولِنگ بارہمولہ کے خانپورہ میں آرمی کیمپ کے قریب دریائے جہلم سے مقامی مزدوروں کی ریت نکالنے کے دوران برآمد کیا گیا ہے۔دریافت کے فوراً بعد، شو لِنگ کو اِنڈین آرمی کے 22 میڈیم رجمنٹ بارہمولہ نے اپنی تحویل میں لے لیا اور بعد ازاں اسے8؍ جولائی 2025ء کو محکمہ آکائیوز ، آرکیولوجی و میوزیم جموں و کشمیر کے حوالے کر دیا گیا۔ شولِنگ کو احتیاط کے ساتھ ایس پی ایس میوزیم سری نگر منتقل کیا گیا جہاں اسے تحفظ فراہم کرتے ہوئے عوامی نمائش کے لئے رکھا گیا ہے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر آرکائیوز ، آرکیولوجی و میوزیم کلدیپ کرشن سدھا نے کہا،’’شولِنگ کی بازیابی نہ صرف ایک اہم آثارِ قدیمہ کی دریافت ہے بلکہ یہ ہماری دیرپا ثقافتی ورثے کی علامت بھی ہے۔ محکمہ اِس قسم کے نوادرات کے تحفظ اور وقار کے ساتھ ان کی نمائش کے لئے پُر عزم ہے تاکہ عوام کو تعلیمی اور روحانی فوائد حاصل ہوں۔‘‘یہ دریافت جموں و کشمیر کی ثقافتی اور تاریخی ورثے میں ایک قیمتی اضافہ ہے اور اِس سے خطے کی امیر آثارِ قدیمہ کی میراث کے تحفظ کی اہمیت اُجاگر ہوتی ہے۔