جموں//حکومت نے آج ایوان کو آگاہ کیا کہ شیڈولڈ ٹرائب (ایس ٹی)۔I ریزرویشن جموں و کشمیر میں یکساں طور پر نافذ العمل ہے۔وزیر برائے سماجی بہبود سکینہ اِیتو نے یہ بات آج ایوان میں رکُن اسمبلی ڈاکٹر نریندر سنگھ رینہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔ وزیرسماجی بہبود نے بتایا کہ شیڈولڈ ٹرائب۔II زُمرے کے تحت ریزرویشن کسی خطے یا مخصوص علاقے کی بنیاد پر نہیں دیا جاتا بلکہ یہ پہاڑی نسل سے تعلق رکھنے والے مختلف گروہوں کو دیا گیا ہے جیسا کہ2024کے ایس او 176 میں درج ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پہاڑی نسلی گروہ کو ایس ٹی۔II ریزرویشن کے فوائد کی توسیع ان کی نسلی، ثقافتی اور لسانی شناخت کی بنیاد پر کی گئی ہے نہ کہ علاقائی بنیاد پر اور اِس طرح یہ آئینی اصولوں یعنی مساوات، اِنصاف اور عدم امتیاز کے عین مطابق ہے۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ کوئی علیحدہ جائزہ نہیں لیا گیا کیوں کہ شمولیت نسلی شناخت کی بنیاد پر کی گئی ہے نہ کہ علاقائی تفریق کی بنیاد پر۔اِس ضمن میں ارکانِ اسمبلی اعجاز احمد جان اور ڈاکٹر رمیشور سنگھ نے ضمنی سوالات اُٹھائے۔










