ایس جے شنکر کی برازیل کے صدر لوئس دا سلواسے ملاقات

نئی دہلی/یو این آئی// وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے ہفتہ کے روز نئی دہلی میں برازیل کے صدرلوئس اناسیو لولا دا سلوا سے ملاقات کی اور ہند۔برازیل اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں ان کی رہنمائی کو سراہا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں جے شنکر نے کہا کہ برازیل کے صدر لولا دا سلوا، جو سرکاری دورے پر ہندوستان آئے ہیں، سے ملاقات میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ ہمارے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ان کے گرمجوش جذبات اور رہنمائی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ آج بعد میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کی ملاقاتیں ہمارے تعلقات کو نئی رفتار بخشیں گی۔ صدر لولادا سلوا اپنے اب تک کے سب سے بڑے وفد کے ساتھ ہندوستان پہنچے ہیں، جس میں 11 کابینی وزراء، 300 سے زائد کاروباری شخصیات اور 50 سی ای اوز شامل ہیں، جو بزنس فورم میں شرکت کریں گے ۔ یہ دورہ وزیرِ اعظم مسٹرنریندر مودی کے جولائی 2025 میں براسیلیا کے تاریخی دورے کے بعد ہو رہا ہے ، جو پچاس برس سے زائد عرصے میں کسی ہندوستانی وزیرِ اعظم کا پہلا دورہ تھا۔ توقع ہے کہ یہ وفد دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کو فروغ دے کر ہند-برازیل تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔