ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں میں 243بستروں پر مشتمل

ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں میں 243بستروں پر مشتمل

ایم سی سی سہولیت نے جموں خطے میں نوزائیدہ اور پیری نیٹولوجی خدمات کو بہتر بنایا۔ سکینہ اِیتو

جموں//حکومت نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں میں حال ہی میں قائم کردہ 243 بستروں پر مشتمل نئی میٹرنل اینڈ چائیلڈ کئیر ( ایم سی سی ) سہولیت نے جموں خطے میں نوزائیدہ اور پیری نیٹولوجی خدمات کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے ۔اِس کے علاوہ نوزائید بچوں کی نگہداشت اور زچہ و بچہ کی صحت خدمات میں بہتری آئی ہے اور منصوبہ بند سرجریوں کے لئے اِنتظار کا وقت بھی کم ہوا ہے۔اِن باتوں کا اِظہا ر آج وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رُکن اسمبلی یدھویر سیٹھی کے ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں ایک ٹریشری کیئر ہسپتال ہے جو گائناکالوجی و آبسٹیٹرکس، پیڈیاٹرکس، ای این ٹی اور ڈرمیٹالوجی کے شعبوں میں طبی خدمات فراہم کرتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ہسپتال جموں صوبہ کے مضافاتی ہسپتالوں سے ریفر کئے گئے سخت ترین بیمار مریضوں کو بھی خصوصی علاج فراہم کرتا ہے جو اُن اداروں میں دستیاب نہیں ہوتا۔ اُنہوںنے یہ بھی بتایا کہ ایم آر آئی کی ضرورت والے مریضوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں بھیجا جاتا ہے جہاں یہ سہولیت موجود ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی ( سی ایس آر ) کے تحت انڈین آئل کارپوریشن لمٹیڈ ( آئی او سی ایل ) نے ایک ایم آر آئی سکینر فراہم کرنے پر اصولاً رضا مندی ظاہر کی ہے جو ضروری رسمیتیں مکمل ہونے کے بعد ہو گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جلد ہی آئی او سی ایل کو ایم آر آئی سکینر فراہم کرنے کیلئے ڈیٹیلڈ پروجیکٹ رپورٹ ( ڈی پی آر ) پیش کر دی جائے گی ۔
وزیر صحت نے اِنسانی وسائل کی صورتحال کے بارے میں بتایا کہ منظور شدہ 1,070 عہدوں کے مقابلے میں فی الحال 682 عہدے بھرے ہوئے ہیں ۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ جموں ایسٹ حلقے میں موجودہ عملے کی کمی کو پورا کرنے کیلئے فیکلٹی ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو اکیڈمک ارینجمنٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جا رہا ہے اور عام لوگوں کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ریشنلائزیشن کا عمل جاری ہے ۔ اُنہوںنے ایوان کو مزید بتایا کہ ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں میں ملٹی ٹائر کار پارکنگ کی سہولیت قائم کرنے کا مطالبہ پہلے ہی جموں میونسپل کارپوریشن اور جموں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے ساتھ اُٹھایا جا چکا ہے ۔ وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ یہ تجویز فی الحال مجاز اتھارٹی کے پاس فعال طور پر زیر غور ہے اور اس بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کہ ایس ایم جی ایس ہسپتال میں بہتر پارکنگ انفراسٹرکچر کی شدید ضرورت ہے، محکمہ اس معاملے کو تعاقب کر رہا ہے تا کہ جلد از جلد منظوری اور عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں میں مریضوں کی نگہداشت کی خدمات کو مضبوط بنانے کے عزم کے مطابق جدید مشینری اور آلات سے لیس ایک نیا 243 بستروں پر مشتمل میٹرنل اینڈ چائلڈ کیئر سہولیت حال ہی میں قائم کیا گیا ہے تا کہ پیرنیٹولوجی خدمات کو مضبوط بنایا جا سکے اور آئی ایم آر اور ایم ایم آر میں نمایاں کمی لانے میں اہم کردار ادا کر سکے ۔ وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ یہ اقدام حکومت کی طرف سے ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں میں مریضوں کی نگہداشت کی خدمات کو بہتر بنانے لئے اُٹھائے جا رہے وسیع اقدامات کا حصہ ہے ۔