Abnai-Harmaz

ایران کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ٹرانزٹ فیس عائد کرنے پر غور

تہران/ ایجنسیز .// ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ٹرانزٹ فیس عائد کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام اس اہم آبی گزرگاہ پر ایران کے بڑھتے ہوئے کنٹرول کو معاشی فائدے میں تبدیل کرنے کی کوشش ہو سکتا ہے۔امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے آغاز سے ہی ایران نے ان جہازوں کی نقل و حرکت متاثر کی ہے جنہیں وہ اپنے مخالفین یا ان کے اتحادیوں سے منسلک قرار دیتا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک ایرانی رکنِ پارلیمان نے کہا کہ ایک بل زیر غور ہے جس کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ممالک کو، چاہے وہ تجارتی سامان، توانائی یا خوراک کی ترسیل کر رہے ہوں، ایران کو ٹول اور ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔دریں اثنا ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے بعد آبنائے ہرمز کے لیے ایک نیا نظام متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت ایران ان ممالک پر سمندری پابندیاں عائد کر سکے گا جنہوں نے اس پر پابندیاں لگا رکھی ہیں۔محمد مخبر کے مطابق ایران اپنی اسٹریٹجک پوزیشن کو استعمال کرتے ہوئے مغربی ممالک پر دباؤ ڈال سکتا ہے اور ان کے جہازوں کو اس آبی گزرگاہ سے گزرنے سے روک سکتا ہے۔