واشنگٹن/یو این آئی// امریکہ میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے معاملے پر سینیٹ کی سماعت کے دوران احتجاج کرنے والے ایک سابق میرین اہلکار کو زبردستی کمرہ اجلاس سے باہر نکال دیا گیا۔ امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز سب کمیٹی کی سماعت کے دوران ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے معاملے پر احتجاج کرنے والے سابق امریکی میرین کور کے اہلکار کو زبردستی کمرہ اجلاس سے باہر نکال دیا گیا۔ سابق میرین برائن اور شمالی کیرولائنا سے گرین پارٹی کے ٹکٹ پر امریکی سینیٹ کی نشست کے امیدوار میکگینس نے سماعت کے دوران کھڑے ہو کر نعرے لگا رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اسرائیل کے لیے لڑنا نہیں چاہتا اور اسرائیل اس جنگ کی وجہ ہے ، امریکہ اسرائیل کے لیے یہ جنگ نہیں لڑنا چاہتا، اس احتجاج پر متعدد کیپیٹل پولیس افسران نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں پکڑ کر کمرے سے باہر لے جانے کی کوشش کی۔ ویڈیو میں مونٹانا کے ریپبلکن سینیٹر ٹم شیہی، جو خود بھی سابق فوجی ہیں، کو کیپیٹل پولیس کی مدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ وہ برائن میکگینس کو اٹھا کر باہر لے جانے میں شریک نظر آ رہے ہیں۔ اس دوران جھڑپ کے نتیجے میں برائن میکگینس کے بازو میں چوٹ آئی اور وہ زخمی ہو گئے ، جبکہ تین کیپیٹل پولیس افسران کو بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق میکگینس کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان پر پولیس افسران پر حملہ، گرفتاری کی مزاحمت اور غیر قانونی مظاہرے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔










