اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت اور بربریت کا خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے / ڈاکٹر فاروق
سرینگر// ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صدرِ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حملے میں ہوئے جانی نقصان پر زبردست گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت قابل مذمت اور ملامت ہے ، یہ حملہ ایران کی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچاتا ہے اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی سریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل مکمل طور پر بے لگام ہوگیا ہے اور فلسطین میں ظلم و بربیت کے تمام ریکارڈ مات کررہا ہے۔سی این آئی کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت اور بربریت کا خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے اور ایک سال 8ماہ سے جاری بمباری پر صرف بیان بازی سے ہی کام چلا رہا ہے۔ اس اسے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے احمد آباد میں ہوائی جہاز کے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور مدد کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا، ’’مجھے احمد آباد میں ہوائی جہاز کے حادثے کی خبر سے بہت دکھ ہوا ہے۔ میرے خیالات اور دعائیں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ خدا انہیں اس بے پناہ نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت دے۔‘‘ دریں اثناء ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج نمازِ جمعہ آثار شریف درگاہ حضرت بل میں ادا کی ۔ انہوں نے عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا، اہل جموںوکشمیر کی خوشحالی اور فارغ البالی کیلئے دعا کی۔










