حالات سازگار ہوتے ہی انخلا یقینی بنایا جائے گا، حکومت مسلسل رابطے میں// نائب وزیر اعلیٰ
سرینگر/یو این ایس/ جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کہا ہے کہ ایران میں جاری کشیدہ صورتحال کے دوران وہاں موجود بھارتی شہریوں، بالخصوص جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی سلامتی کے حوالے سے حکومت مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور حالات سازگار ہوتے ہی ان کے محفوظ انخلا کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔یو این ایس کے مطابق اتوار کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ایران میں موجود طلبہ اور دیگر بھارتی شہریوں کی صورتحال کے بارے میں باقاعدگی سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات پیچیدہ ہیں جس کی وجہ سے فوری طور پر انخلا ممکن نہیں ہو پا رہا ہے۔انہوں نے کہا’’ہم ایران میں موجود طلبہ اور دیگر بھارتی شہریوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، خاص طور پر جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے بارے میں ہمیں مسلسل معلومات موصول ہو رہی ہیں۔ ہم ان کی سلامتی کے حوالے سے فکر مند ہیں، تاہم موجودہ حالات کے باعث فوری انخلا ممکن نہیں ہے۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے، حکومت پھنسے ہوئے طلبہ اور دیگر افراد کو بحفاظت واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا’’جیسے ہی حالات سازگار ہوں گے، وہاں پھنسے افراد کو بحفاظت واپس لایا جائے گا۔‘‘ادھر نائب وزیر اعلیٰ نے کھیلوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی کرکٹ ٹیم کو طویل عرصے کے بعد رنجی ٹرافی جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پورے خطے کے لیے فخر کا باعث ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں و کشمیر میں کھیلوں کا معیار مسلسل بہتر ہو رہا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی کامیابی حاصل کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کھیلوں کے میدان میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے اور رنجی ٹرافی کی فتح اس پیش رفت کی ایک بڑی مثال ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ رنجی ٹرافی جیتنے والی ٹیم جلد ہی جموں و کشمیر پہنچے گی جہاں حکومت کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹیم کے اعزاز میں 9 مارچ کو ایک خصوصی عشائیہ بھی ترتیب دیا ہے۔اس کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے اتوار کو جموں کے گاندھی نگر میں واقع پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت کئی اہم سڑک منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر رکن پارلیمان جگل کشور شرماوزیر ستیش شرمااور محکمہ تعمیرات عامہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔حکام کے مطابق ان سڑک منصوبوں کا مقصد دیہی علاقوں میں رابطہ نظام کو بہتر بنانا، آمد و رفت کو آسان بنانا اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ ان منصوبوں سے دور دراز دیہات میں رہنے والے لوگوں کو منڈیوں، تعلیمی اداروں اور صحت کی سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے اور لوگوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔










