واشنگٹن/یو این آئی// ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ایران جنگ کی حکمت عملی پر اختلافات پائے گئے ہیں۔ ایگزیوس نے رپورٹ کیا ہیکہ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کی ایران میں عوامی بغاوت کی تجویز کو مسترد کیا۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دو امریکی حکام اور ایک اسرائیلی ذریعے کے حوالے سے انکشاف کیا ہیکہ اسرائیلی وزیراعظم گزشتہ ہفتے ایرانی عوام سے اپیل کرنا چاہتے تھے کہ وہ سڑکوں پر نکل کر اپنی حکومت کے خلاف بغاوت کریں، تاہم امریکی صدر نے انھیں بتایا کہ یہ اقدام بہت زیادہ خطرناک ہوگا۔ نیتن یاہو نے فون کال پر ٹرمپ کو ایران میں بغاوت کیلئے قائل کرنے کی کوشش کی لیکن ٹرمپ نے انھیں کہا کہ ایران میں بغاوت کی کال خطرے کا کام ہے، وہ تباہ ہو جائیں گے ۔ ایک امریکی اہلکار کے مطابق ٹرمپ نے فون پر کہاکہ ہم لوگوں کو سڑکوں پر آنے کو کیوں کہیں جب انھیں گولیوں سے بھون دیا جائے گا؟ایگزیوس کے مطابق امریکہ اور اسرائیل جنگ کے بیشتر فوجی اہداف پر متفق ہیں، تاہم ایران میں حکومت کی تبدیلی (رجیم چینج) اور اس کیلئے قابل قبول خوں ریزی اور افراتفری کے معاملے پر دونوں کا نقطئہ نظر مختلف رہا ہے ۔ جنگ کے آغاز میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی کارروائیاں ختم ہونے کے بعد ایرانی عوام کو حکومت سنبھالنے کا موقع ملے گا، تاہم بعد میں انھوں نے اس مؤقف کو بار بار نہیں دہرایا۔ گزشتہ منگل کو الگ الگ حملوں میں اسرائیل نے ایران کی قومی سلامتی کے سربراہ اور عملی طور پر قائم مقام رہنما علی لاریجانی، اور بسیج ملیشیا کے سربراہ غلام رضا سلیمانی کو ان کے کئی ساتھیوں سمیت قتل کردیا تھا۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہیکہ سلیمانی کو نشانہ بنانے کا مقصد عوامی بغاوت کی راہ ہموار کرنا تھا کیونکہ وہ احتجاج کو کچلنے کے ذمہ دار تھے ۔ چند گھنٹوں بعد نیتن یاہو نے ٹرمپ سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ ایرانی حکومت انتشار کا شکار ہے اور اسے مزید کمزور کرنے کا موقع موجود ہے ۔ انھوں نے تجویز پیش کی کہ وہ اور ٹرمپ مل کر ایرانی عوام سے سڑکوں پر نکلنے کی مشترکہ اپیل کریں۔ اس موقع پر ٹرمپ نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایسی اپیل بڑے پیمانے پر قتلِ عام کا باعث بن سکتی ہے ، کیوں کہ جنگ سے پہلے بھی ہزاروں ایرانی مظاہرین مارے جا چکے تھے ۔ ذرائع کے مطابق نیتن یاہو اور ٹرمپ نے فیصلہ کیا کہ وہ اگلے دن ہونے والے ایرانی تہوار ’’چھارشنبہ سوری‘‘نوروز سے قبل آگ جلا کر اس پر سے کودنے کا قدیم تہوار) کے دوران دیکھیں گے کہ آیا لوگ خود سڑکوں پر نکلتے ہیں یا نہیں۔










