نئی دہلی/یو این آئی// ایران میں مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال اور پرتشدد مظاہروں میں اب تک 2500 سے زیادہ افراد کے مارے جانے کی اطلاعات کے درمیان، ہندوستان وہاں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کو نکالنے کی تیاری کر رہا ہے ۔ ذرائع نے جمعرات کے روز بتایا، “ایران میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر، وزارت خارجہ ان ہندوستانی شہریوں کی واپسی کو آسان بنانے کی تیاری کر رہی ہے جو وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔” اس وقت تقریباً 10,000 ہندوستانی شہری ایران میں ہیں جن میں سے تقریباً 3,000 میڈیکل کے طلبہ ہیں اور تقریباً 4,000 مدارس کے طلبہ ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 2000 ہندوستانی ماہی گیر بھی ایران کے ساحلی علاقوں میں رہتے ہیں۔ ان کے علاوہ تاجر، سیاح اور ہزاروں شیعہ زائرین بھی ہیں جو ہر سال ایران کا سفر کرتے ہیں۔ تہران میں ہندوستانی سفارتخانہ نے چہارشنبہ کے روز ایک ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ ایران کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہندوستانی شہریوں کو، خواہ وہ طلبہ ہوں، زائرین ہوں، تاجر ہوں یا سیاح، انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تجارتی پروازوں سمیت ٹرانسپورٹ کے دستیاب طریقوں کا استعمال کرکے ایران چھوڑ دیں۔ سفارت خانہ نے ہنگامی ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیے ہیں۔ لوگ سفارت خانے سے موبائل نمبر 989128109115، 989128109109، 989128109102، اور 989932179359 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ہندوستانی ایمبسیی سے ای میل کے ذریعے cons.tehran@mea.gov.in پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔










