ایران اسرائیل کشیدگی:یورپی ممالک نے سینکڑوں شہریوں کو اسرائیل سے نکالا

ایران اسرائیل کشیدگی:یورپی ممالک نے سینکڑوں شہریوں کو اسرائیل سے نکالا

تل ابیب: مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں شدت آتے ہی یورپی ممالک نے اپنے شہریوں کو اسرائیل سے نکالنے کی کارروائی تیز کر دی ہے۔ یو این آئی اردو کی رپورٹ کے مطابق، متعدد یورپی وزارتوں نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ اپنے سینکڑوں شہریوں کو اسرائیل سے وطن واپس لے جا رہے ہیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے قبل انہیں محفوظ مقام تک پہنچایا جا سکے۔
جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان کرسچن ویگنر نے بیان میں کہا کہ جرمنی اردن سے چارٹرڈ کمرشل فلائٹس کے ذریعے تقریباً 200 افراد کو نکالنے کا منصوبہ بنا چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بدھ کو پہلی پرواز روانہ کی گئی اور عمان سے دوسری پرواز جمعرات کو روانہ ہوگی۔
اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے روم میں اعلان کیا کہ اطالوی حکومت نے اسرائیل میں موجود ان شہریوں کے لیے پروازوں کا بندوبست کیا ہے جو ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔ ان پروازوں کے ذریعے اطالوی شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
یونان کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ اس نے اپنے 105 شہریوں کے علاوہ دیگر غیر ملکیوں کو بھی نکالا ہے۔ بیان کے مطابق یہ تمام افراد مصر کے شرم الشیخ سے یونانی ایئر فورس کے سی-130 اور سی-27 طیاروں کے ذریعے ایتھنز پہنچے۔ ان افراد میں یونانی شہریوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ البانیہ، آسٹریا، بیلجیئم، بلغاریہ، قبرص، فرانس، جرمنی، جارجیا، ہنگری، اٹلی، لتھوانیا، رومانیہ، سویڈن، سوئٹزرلینڈ اور امریکہ کے شہری بھی شامل تھے۔ پولینڈ کے وزیر خارجہ رادوسلاو سیکورسکی نے سماجی رابطہ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ ان کا پہلا گروپ بحفاظت وطن واپس پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعرات کے روز ایک اور پرواز کے ذریعے مزید پولش شہریوں کو نکالا جائے گا۔ بلغاریہ کی حکومت نے بھی اعلان کیا کہ منگل کی شب ایک خصوصی طیارے کے ذریعے اسرائیل سے 148 افراد کو نکالا گیا، جن میں 89 بلغاریائی شہری شامل تھے۔ یہ طیارہ صوفیہ میں اترا۔ یہ انخلا اس وقت تیز کیا گیا جب اسرائیل نے جمعہ کے روز ایرانی جوہری اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی مہم کا آغاز کیا اور اس کے جواب میں ایران نے اسرائیلی شہروں کو میزائیلوں سے نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ (قومی آواز)