ملکی بحریہ کو اسکیم کے تحت تین لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں
سرینگر// ملک کی بحریہ کو اگنی پتھ ملٹری ریکروٹمنٹ اسکیم کے تحت 3.03 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق ملک بھر میں اگتی پتھ اسکیم کی جانب نوجوانوں کے بڑھتے لگائو کے بیچ وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے ایک ٹویٹ میں کہا 22 جولائی تک ہندوستانی بحریہ میں اگنیور کے لیے 3,03,328 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت ساڑھے سترہ سے 21 سال کے نوجوانوں کو فوج میں چار سال کے لیے بھرتی کیا جانا ہے جس میں سے 25 فیصد اہلکاروں کو مزید ریگولر کیا جائے گا۔اس اسکیم کا اعلان مرکزی حکومت نے اس سال 14 جون کو کیا تھا۔ تاہم اس منصوبے کے اعلان کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے شروع ہو گئے۔ مرکزی منصوبہ سے ناراض نوجوانوں نے سڑکوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر ہنگامہ برپا کردیا تھا۔ خاص طور پر بہار اور یوپی میں نوجوانوں نے بہت ہنگامہ کیا تھا۔ مختلف اسٹیشنوں پر ٹرینوں کو آگ لگا دی گئی۔ احتجاج کے باعث ریلوے کو سینکڑوں ٹرینیں منسوخ کرنا پڑیں جس سے لاکھوں کا نقصان ہوا۔نوجوانوں کے علاوہ اپوزیشن پارٹیوں نے بھی فوج کی بھرتی کے لیے مرکز کی طرف سے لائی گئی نئی اسکیم پر تنقید کی تھی۔ یہاں تنقید کے درمیان مرکز نے اسکیم کو بہتر بناتے ہوئے بھرتی کے لیے درخواست دینے کی تاریخوں کا اعلان کرنے کی ہدایت دی۔ احتجاج شروع ہونے کے بعدمرکز نے اس سال بھرتی کی عمر کی حد 21 سے بڑھا کر 23 کر دی کیونکہ کورونا کی مدت کی وجہ سے پچھلے دو سالوں سے بحالی نہیں ہو سکی تھی۔عمر کی حد میں رعایت دینے کے ساتھ ہی مرکز نے نیم فوجی دستوں اور دفاعی پبلک سیکٹر کی ملازمتوں میں اگنیوروں کو ترجیح دینے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی کئی ریاستوں نے ریاستی پولیس کی ملازمت میں اگنی اگنی ویروں کو ترجیح دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔










