بڈگام//اگلے 2 سے 3 برسوں میں جموں و کشمیر یو ٹی ترقیاتی خوشحالی کا نیا دائیرہ دیکھے گا ۔ حکومت بھارت نے صرف جموں و کشمیر یو ٹی میں 60 ہزار کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ یہ رقم روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے ، نوجوانوں کو مائیکرو آمدنی پیدا کرنے والے یونٹس کے قیام اور مقامی معشیت کو فروغ دینے کیلئے استعمال کی جائے گی ۔ ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر مملکت برائے مہارت ترقی انٹر پرنیور شپ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر راجیو چندر شیکھر نے آئی ٹی آئی کمپلیکس وڈی پورہ بڈگام میں ان کے اعزاز میں منعقدہ کنونشن کم سیمنار میں آئی ٹی آئی اور پولی ٹیکنک طلباء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر نے کہا کہ میں نے ذاتی طور پر دیکھا ہے کہ کشمیر کے مقامی نوجوان ہُنر اور مہارت سے بھر پور ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ انہیں حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ، انتہائی ہُنر مند تربیت حاصل کرنے میں دلچسپی دکھائیں ، توانائی سے بھر پور رہیں کیونکہ روز گار کے مواقع دستیاب ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ یکم اپریل 2020 سے 30 اپریل 2021 تک تقریباً 8 لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوئیں جو کہ آئی ٹی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا مشن ، ہدف اور کاروباری تنوع کو مستحکم کرنے کا پختہ وعدہ ہے کیونکہ اس میں نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں جذب کرنے کے بڑے معاشی امکانات ہیں ۔ وزیر نے خواہشمند نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ پُر عزم ، مثبت انداز میں رہیں اور ہر خواب کی تعبیر اور تکمیل کیلئے پُر جوش رہیں ۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، ڈی سی بڈگام ایس اے مرزا ، ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، ایس ایس پی بڈگام ، پرنسپل آئی ٹی آئی بڈگام اور دیگر ضلعی افسران موجود تھے ۔ وزیر نے کہا کہ ’ ہم یہاں پیشہ وارانہ مقصد اور ڈیلیوری کے عزائم کے ساتھ آئے ہیں ، ہمارے دورے نتائج پر مبنی ہوں گے ۔ وزیر نے متعلقہ حکام کی تعریف کی کہ ہُنر مندی کی ترقی میں بہت زیادہ کام کیا گیا ہے لیکن پھر بھی اس کو مزید فروغ دینے اور آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ وزیر نے آئی ٹی آئی بڈگام کے آٹو موبائیل ٹریننگ سنٹر کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے متعلقہ آرٹ اور ٹریڈز میں مینوفیکچرنگ کی مہارت ، ہُنر اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ اور نمائش کرنے والے ہُنر مند نوجوانوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا بھی معائینہ کیا ۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں ڈاکٹر اصحت حسن سامون نے محکمہ کی ترقی کا تفصیلی جائیزہ پیش کیا ۔ بعد میں وزیر نے کانفرنس ہال بڈگام میں بلائے گئے افسران کے اجلاس کی صدارت کی جہاں ہر شعبے کا تفصیلی جائیزہ لیا گیا ۔ ڈی سی بڈگام نے ایک پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے ضلع کے اب تک کے ترقیاتی اور فلاحی منظر کو تفصیل سے پیش کیا ۔ میٹنگ کے دوران ضلع بھر سے مختلف نمائندگان بشمول سیاسی نمائندے ، پی آر آئی ، سکول کے طلبا ، عام شہریوں نے وزیر کو اپنے مسائل /مطالبات /شکایات سے ذاتی طور پر یاداشت جمع کرانے سے آگاہ کیا ۔ وزیر نے تمام افراد ، نمائندوں کی بات سُنی اور انہیں درپیش تمام حقیقی مسائل کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر وزیر نے موبائیل ایپلی کیشن اور زوف ( ہیلتھ کئیر موبائیل ایپ ) ، میری آواز ( واٹر باڈیز کنزرویشن ) ، کووڈ کئیر سروس بڈگام اور ای سروسز پورٹل بھی لانچ کیا ۔










