کی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات، وادی میں ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال
سرینگر//جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے جمعہ کو سرینگر میں اکو ٹورزم سوسائٹی آف کشمیر اور بھارت سی ایس آر نیٹ ورک کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ یہ ملاقات حال ہی میں دستخط شدہ ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) کے پس منظر میں ہوئی جس کا مقصد مرکزی علاقہ جموں و کشمیر میں ذمہ دارانہ اور ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینا ہے۔بھارت سی ایس آر نیٹ ورک کے چیئرمین ڈاکٹر ساجد سید اور اکو ٹورزم سوسائٹی آف کشمیر کے اراکین اس ملاقات میں شریک ہوئے۔ملاقات کے دوران، دونوں تنظیموں نے کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی مہم کے تحت سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور معروف شخصیات کو وادی میں مدعو کرنے کی تجویز پیش کی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اہم سیاحتی مقامات پر عوامی سہولیات کو اپنانے اور ان کی دیکھ بھال کے ذریعے کمیونٹی پر مبنی کارپوریٹ سوشیل رسپانسبلٹی (CSR) سرگرمیاں شروع کرنے کا بھی مشورہ دیا، تاکہ بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ساتھ ساتھ مقامی روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جا سکیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا اور حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔اکو ٹورزم سوسائٹی آف کشمیر کے کنوینر محمد شفیع وانگونے کہاکہ ہم وادی میں ذمہ دارانہ سیاحت اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ شراکت داری اسی سمت میں ایک مثبت قدم ہے۔










