بیرونی سیاح ،ہائوس بوٹ و ہوٹل مالکان سمیت دیگر سیاحتی طبقے خوش
سرینگر//ٹی ای این/ وادی کشمیر میں اکتوبر کے اوائل میں ہونے والی غیر معمولی برفباری نے سردیوں کے سیاحتی موسم کے حوالے سے نئی اْمیدیں پیدا کر دی ہیں۔ اپریل میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد جو سیاحتی سرگرمیاں ماند پڑ گئی تھیں، اب ان کے دوبارہ بحال ہونے کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔سیاحتی شعبے سے وابستہ مختلف اسٹیک ہولڈرز نے امید ظاہر کی کہ قبل از وقت ہونے والی برفباری آنے والے ہفتوں میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ کرے گی اور سردیوں کا موسم اس سال بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔ شکارا ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے کہاکہ موسم کی تبدیلی نے ہماری اْمیدوں کو تازہ کر دیا ہے۔ اگرچہ ابھی سیاحوں کی آمد میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا، لیکن بالائی علاقوں میں برفباری یقیناً وادی کی طرف لوگوں کو راغب کرے گی۔ ہم پْرامید ہیں کہ آنے والے دنوں میں ہمارا کاروبار بہتر ہوگا۔ سیاحتی شعبے سے وابستہ طبقے نے کہا کہ اگرچہ ابھی اندازہ لگانا قبل از وقت ہے، تاہم رجحان حوصلہ افزا ہے۔جیسے جیسے برفباری کی خبریں پھیل رہی ہیں، لوگ اپنے سفر کی منصوبہ بندی شروع کر رہے ہیں۔ آئندہ ایک ماہ میں موسم کے اثرات واضح طور پر نظر آئیں گے۔ڈل اور نگین جھیلوں کے ہاؤس بوٹ مالکان بھی پرامید ہیں۔ ایک ہاؤس بوٹ مالک نے بتایاکہ ہمیں گھریلو سیاحوں خصوصاً خاندانوں اور نئے شادی شدہ جوڑوں سے استفسارات موصول ہونے لگے ہیں جو کشمیر کی سردیوں کی خوبصورتی دیکھنا چاہتے ہیں۔ جیسے ہی برفباری بڑھتی ہے، بکنگ میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ٹور اینڈ ٹریول آپریٹرز کے مطابق پچھلے چند دنوں میں استفسارات میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سری نگر کے ایک ٹریول ایجنٹ نے کہاکہ گزشتہ دنوں گجرات، مہاراشٹر اور مغربی بنگال سے سیاحوں کی طرف سے دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔ بہت سے لوگ برفباری کی صورتحال دیکھ کر اپنی بکنگ حتمی بنائیں گے۔ اگر حالات سازگار رہے تو یہ موسم بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔ہوٹل مالکان نے بھی سردیوں کے مصروف سیزن کی امید ظاہر کی ہے۔ ایک ہوٹل مالک نے کہاکہ دسمبر اور جنوری کے لیے ابھی کمروں کی بکنگ خالی ہے لیکن جیسے ہی برف نچلے علاقوں میں پہنچے گی، بکنگ میں اضافہ ہوگا۔اہلکاروں نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد سیاحت شدید متاثر ہوئی تھی، لیکن اب غیر ملکی سیاحوں کی آمد سے امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔گلمرگ میں برفباری نے سیاحوں کو حیران کر دیاہیگلمرگ میں اکتوبر کے اوائل میں ہونے والی برفباری نے سیاحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔ ملک کے مختلف حصوں سے آئے سیاحوں نے اس مناظر کو جادوئی قرار دیا۔ایک سیاح نے کہاکہ ہم نے اکتوبر میں برفباری کی توقع نہیں کی تھی۔ یہ لمحہ واقعی جادوئی ہے، ہم خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ یہ نظارہ دیکھنے کو ملا۔کلکتہ سے آئے ایک جوڑے نے بتایا کہ انہوں نے پہلگام اور سونمرگ بھی دیکھے، مگر گلمرگ کی دلکشی بے مثال ہے۔ یہاں کے لوگ بہت خوش اخلاق ہیں۔ ہمیں کہیں بھی سیکیورٹی کا مسئلہ محسوس نہیں ہوا۔ انتظامات بہترین ہیں۔انہوں نے گنڈولا سروس کو ناقابلِ بیان تجربہ قرار دیتے ہوئے کہاکہفیز ٹو سے نظر آنے والا منظر دل موہ لینے والا ہے۔ ہر شخص کو ایک بار ضرور یہاں آنا چاہیے۔اسی طرح ہریانہ کے سیاح نے کہاکہ ہم ہمیشہ سنتے آئے کہ کشمیر جنت نظیر ہے، آج ہم نے اسے سچ ہوتے دیکھا۔ یہ برفباری ہمارے سفر کو ناقابلِ فراموش بنا گئی۔گلمرگ میں موجود سیاحوں نے انتظامیہ، پولیس اور مقامی باشندوں کی مہمان نوازی کی بھرپور تعریف کی اور اپنے قیام کو محفوظ، خوشگوار اور یادگار قرار دیا۔