Sunil Sharma

اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کی جموں و کشمیر بجٹ پر سخت

بجٹ عوام دشمن،مفت بجلی اورگیس سلنڈروں سے متعلق وعدے بھی فریب

سرینگر// یو این ایس // جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور سینئر بی جے پی لیڈر سنیل شرما نے جمعہ کے روز جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے بجٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’’نیشنل کانفرنس مرکز‘‘ اور ’’عوام دشمن‘‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بجٹ میں روزانہ اجرتی ملازمین، بے روزگار نوجوانوں، بی پی ایل اور ای ڈبلیو ایس طبقے کیلئے کوئی ٹھوس راحت شامل نہیں ہے۔یو این ایس کے مطابق جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنیل شرما نے دعویٰ کیا کہ یہ بجٹ نیشنل کانفرنس کے اراکینِ اسمبلی کو فائدہ پہنچانے کیلئے تیار کیا گیا ہے اور مرکز کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کو این سی کے زیرِ قبضہ حلقہ جات کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’یہ بجٹ نیشنل کانفرنس کے ایم ایل ایز کیلئے ہے، جموں و کشمیر کے عام لوگوں کیلئے اس میں کچھ بھی نہیں۔‘‘قائدِ حزبِ اختلاف نے روزانہ اجرتی ملازمین کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت واضح اور وقت سے بندھی مستقلی پالیسی کا اعلان کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا، ’’ڈیڑھ سال سے ڈیلی ویجرز کو جھوٹے وعدے دیے جا رہے ہیں، ’مرحلہ وار‘ طریقہ کار کا کوئی واضح مطلب ہی نہیں بتایا گیا۔‘‘سنیل شرما نے بجٹ میں بے روزگاری کے مسئلے کو نظرانداز کرنے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ 180 دنوں کے اندر اسامیوں کو پْر کرنے کے سابقہ وعدے کہیں نظر نہیں آتے۔ انہوں نے تقریباً 24 ہزار اسامیوں کو آؤٹ سورس کرنے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس سے میرٹ اور شفاف بھرتی نظام کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا، ’’نہ تحریری امتحان، نہ انٹرویو، نہ درخواست کا کوئی عملتو میرٹ پر مبنی نوجوان کہاں جائیں؟‘‘یو این ایس کے مطابق بی جے پی رہنما نے حالیہ بھرتیوں میں اقربا پروری کے الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ بجٹ میں سرمایہ جاتی اخراجات (کیپیٹل ایکسپنڈیچر) کیلئے کوئی واضح روڈ میپ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے انتودیہ انا یوجنا مستحقین سے کیے گئے وعدوں کو بھی پورا نہ کرنے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔سنیل شرما نے مفت بجلی اور ایل پی جی سلنڈروں سے متعلق وعدوں کو بھی فریب قرار دیتے ہوئے کہا، ’’گزشتہ برس 200 یونٹ مفت بجلی کا وعدہ کیا گیا، لیکن کسی کو نہیں ملی۔ اب چھ ایل پی جی سلنڈروں کا وعدہ بھی غیر واضح ہے۔ یہ سراسر دھوکہ ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو مایوس کیا گیا ہے اور حکومت نے ووٹروں کو گمراہ کیا۔سنیل شرما نے آخر میں کہا، ’’یہ بجٹ نہ صرف مایوس کن ہے بلکہ حکومت کے اصل چہرے کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔‘‘