سری نگر//وزیراعظم نریندرمودی کی صدارت میں آج یعنی24جون کوسہ پہر 3بجے نئی دہلی میں منعقد ہونے والی کل جماعتی میٹنگ کے پیش جموں وکشمیر کے اندر اورسرحدوں پر48گھنٹے کیلئے سیکورٹی الرٹ کردیاگیا ۔اس دوران مرکزکی جانب سے جموں وکشمیرکے حوالے سے اپنی نوعیت کی اہم ترین میٹنگ کیلئے مدعوکئے گئے14سینئر لیڈروں میں سے کئی ایک لیڈربشمول پی دی پی صدرمحبوبہ مفتی بدھ کے روز نئی دہلی روانہ ہوگئیںجبکہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ جمعرات کی صبح سارھے 9بجے میٹنگ میں شرکت کیلئے دہلی روانہ ہونگے ۔محمدیوسف تاریگامی بدھ کوصبح ہی سری نگرسے دہلی روانہ ہوگئے ہیں جبکہ کچھ ایک لیڈران پہلے ہی نئی دہلی میں موجودہیں ۔اس دوران معلوم ہواکہ جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون گزشتہ روز ہی دہلی چلے گئے ہیں۔ جموں و کشمیر نیشنل پیتھرس پارٹی کے سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ بھی دہلی پہنچ چکے ہیں۔خیال رہے اس کل جماعتی اجلاس میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے علاوہ محبوبہ مفتی ،غلام نبی آزاد،محمدیوسف تاریگامی ،سیدالطاف بخاری ،سجادغنی لون،مظفرحسین بیگ ،پروفیسر بھیم سنگھ ،جی اے میر ،رویندر رینا ،کویندرگپتا اوردیگر کئی لیڈران بھی شرکت کررہے ہیں ۔ 24جون بروزجمعرات کویہ سبھی مدعولیڈران وزیراعظم نریندرمودی کی سرکاری رہائش گاہ پرموجود رہیں گے ،جہاں سہ پہر تین بجے میٹنگ وزیراعظم مودی کی صدارت میں منعقد ہورہی ہے ،جس میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ ،وزیردفاع راجناتھ سنگھ ،وزیراعظم آفس میں تعینات مرکزی وزیرڈاکٹر جتندر سنگھ اوردیگر لیڈران بھی شامل ہونگے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 5،اگست2019کودفعہ370و35Aکی منسوخی ،نیز جموں وکشمیرکی تقسیم وتنظیم نو کے بعدجموں وکشمیر کے حوالے سے مرکزنے ایک اہم پہل کرتے ہوئے جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والے14سینئرلیڈروں بشمول چار سابق وزرائے اعلیٰ اورتین سابق نائب وزرائے اعلیٰ کوکل جماعتی اجلاس میں شرکت کیلئے مدعوکیا ۔منسوخی خصوصی پوزیشن وجموں وکشمیرکی تقسیم کے فیصلے سے ایک روز قبل 4،اگست 2019کی شام جموں وکشمیرکی نصف درجن مین اسٹریم سیاسی جماعتوں نے پیپلز الائنس برائے گپکاراعلامیہ نامی مشترکہ فورم تشکیل دیا ،جس کے لیڈروںنے مرکز کی جانب سے دعوت نامے موصول ہونے کے بعدباہمی مشاورت وصلاح مشورے کے بعددعوت نامے کوقبول کرتے ہوئے اس میٹنگ میں شرکت کافیصلہ لیا۔پی اے جی ڈی کی جانب سے ڈاکٹرفاروق،محبوبہ مفتی اورمحمدیوسف تاریگامی کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کررہے ہیں جبکہ دیگر مدعولیڈران نے بھی اس اہم میٹنگ میں شرکت کااعلان کیا ۔اس دوران طے شدہ کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کیلئے پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی سمیت کئی لیڈران بدھ کے روز سری نگراورجموں سے نئی دہلی روانہ ہوگئے ۔پی ڈی پی کے ذرائع نے بتایاکہ پارٹی صدرمحبوبہ مفتی بدھ کے روز سہ پہرکے وقت نئی دہلی روانہ ہوگئیں ،جہاںوہ جمعرات کوہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں شامل ہونگی ۔اس دوران ایک میڈیا رپورٹ میں بتایاگیا کہ وزیراعظم مودی کی زیرصدارت منعقد ہونے والی کل جماعتی میٹنگ کے پیش جموں وکشمیر کے اندر اورسرحدوں پر48گھنٹے کیلئے سیکورٹی الرٹ کردیاگیاکیونکہ سیکورٹی ایجنسیوںکویہ اندیشہ لاحق ہے کہ اس اہم سیاسی پہل میں رخنہ ڈالنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق جموں وکشمیر میں تمام حساس مقامات ،اہم تنصیبات کے گردونواح میں سیکورٹی چوکسی میں اضافہ کیاگیا ہے جبکہ لائن آف کنٹرول اوربین الااقوامی سرحد پربھی سیکورٹی ونگرانی بڑھادی گئی ہے۔










