سری نگرلیہہ شاہراہ ، بانڈی پورہ گریز روڈاورکپوارہ کرناہ شاہراہ پر ٹریفک معطل
سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی تادرمیانی تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں اورمعمولی برف باری ہوئیں۔ادھر تازہ برف باری کے باعث وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری سے جوڑنے والی سری نگر، لیہہ شاہراہ ، بانڈی پورہ، گریز روڈاورکپوارہ کرناہ شاہراہ کو ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دیاگیا۔جنوبی ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کیساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ اور کشتواڑ، سنتھن روڈ گذشتہ کئی روز سے ٹریفک کیلئے معطل ہے۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہوسکتی ہے۔موصوف ترجمان کا کہنا تھا کہ وادی کشمیر میں 28 دسمبر کی دوپہر سے ہی موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونا شروع ہوگی اور بعد ازاں 2 جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران جہاں ایک طرف دن کے درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوسکتی ہے وہیں دوسری طرف راتیں سرد سے سرد تر ہونے کی توقع ہے۔اس دوران کشمیروادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر بہتری واقع ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں اتوار اورسومورکی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔محکمہ موسمیات نے برف وباراں کی جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ سری نگرمیں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔اُدھروادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں اتوار اورسومورکی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گلمرگ میں جہاں اس وقت کثیر تعداد میں مقامی و غیر مقامی سیاح موجود ہیں، میں کم سے کم 4 انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں اتوار اورسومورکی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں اتوار اورسومورکی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت1.5 ڈگری سی نٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ ضلع کے مڑھل علاقے میں 5 انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔سادھناٹاپ ،رازدان ٹاپ اورفرکیان گلی میں 6سے 10انچ تک برف باری ہوئی ۔جس وجہ سے کپوارہ ،کرناہ شاہراہ کوٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندکردیاگیا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔قاضی گنڈ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔لداخ یونین ٹریٹری ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی15.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا وادی کے میدانی علاقوں میںسوموارکو موسم صبح سے ہی خشک رہا اور آفتاب نے بھی بادلوں کے اوٹ سے باہر نکلنے کی کئی کامیاب کوششیں کیں۔










