dooran_news

اِنتظامی کونسل نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی چار نئی عدالتیں قائم کرنے کو منظوری دی

سری نگر//اِنتظامی کونسل ( اے سی ) کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کی چار عدالتیں ضلع سانبہ ، ضلع بانڈی پورہ ، ضلع گاندربل اور ضلع پونچھ میں قائم کرنے کو منظور ی دی ۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیران فاروق خان اور راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے شرکت کی۔اِنتظامی کونسل نے چارمنتخب اَضلاع کے نئے کورٹ کمپلیکس میں مختلف زمروں(10فی کس) کی 40 نئی اَسامیاں معرض وجود میں لانے جس پر فی مالی سال258.245 لاکھ روپے ( تنخواہ ) اور21.657 لاکھ روپے ( این پی ایس )کو بھی منظور ری دی ۔جموںوکشمیر کی آبادی میں بتدریج اِضافے نے عدالتی کام کے بوجھ میں خاطرخواہ اِضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے عوام کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لئے نئے عدالتی اَحاطے کھولنے کی ضرورت پڑ گئی ہے۔