اِنتخابی ٹیمیں کولگام کے تمام 364پولنگ سٹیشنوں پر پہنچ گئیں

کولگام//لوک سبھا اِنتخابات 2024 ء کے پُرامن اِنعقاد کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اننت ناگ۔راجوری پارلیمانی حلقہ کے کولگام کے تمام 364 پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ پارٹیوں کو کامیابی کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر اطہر عامر خان کی نگرانی میں ڈگری کالج ڈی ایچ پورہ میں قائم تین ڈسپیچ کم رسیپٹ سینٹرز (ڈی سی آر سیز)سے 40۔دیوسر کے لئے جی ڈی سی کولگام اور جی ڈی سی کولگام 39۔کولگام اسمبلی حلقہ کے لئے پول پارٹیوںکو روانہ کرنے کا عمل کامیابی سے جاری رہا۔ ضلع میں 364 پولنگ سٹیشن ہیں اور پولنگ پارٹیوں کی روانگی کے لئے جامع اِنتظامات کئے گئے تھے جن میں گاڑیاں، بیٹھنے کے اِنتظامات، ریفریشمنٹ اور سیکورٹی کے اقدامات شامل تھے۔اس دوران ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے ایس ایس پی ساحل سرنگل کے ہمراہ ان سینٹروں کا دورہ کیا۔اُنہوں نے پولنگ پارٹیوں کے ساتھ بات چیت کی اور اُن پر زور دیا کہ وہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر پوری تندہی سے عمل کریں اور اَپنے تفویض کردہ کاموں کو لگن اور ایمانداری کے ساتھ انجام دیں۔پولنگ پارٹیوں کی تعیناتی اِنتخابی عمل میں ایک اہم قدم ہے اور اِس بات کو یقینی بنانا کہ جمہوری عمل آسانی اور مؤثر طریقے سے آگے بڑھے۔ واضح رہے کہ ضلع انتظامیہ کولگام نے معذور افراد، خواتین کی وسیع ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ضلع بھر میں شناخت شدہ مقامات پر خصوصی پولنگسٹیشن قائم کئے ہیںجو اس بات کو یقینی بنانے کے لئے موزوں خدمات پیش کرتے ہیں کہ ہر اہل ووٹر کو اَپنے بنیادی حق کا استعمال کرنے کا موقعہ ملے جو ان کے لئے آسان اور قابل رسائی ہو۔