اِسلامیہ کالج نے عاشورہ کے موقعہ پر علمگری بازار میں سبیل کا اہتمام کیا

اِسلامیہ کالج نے عاشورہ کے موقعہ پر علمگری بازار میں سبیل کا اہتمام کیا

سری نگر//اِسلامیہ کالج آف سائنس اینڈ کامرس سری نگر کی این ایس ایس یونٹ اوّل نے خدمتِ خلق اور بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبے کے تحت یومِ عاشورہ کے موقعہ پر علمگری بازار چوک میں ایک سبیل (سہولیت کیمپ) قائم کیا۔ اس کیمپ میں عاشورہ کے جلوس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کو پھلوں کے جوس، پانی، لسی، چائے اور کافی سمیت مختلف مشروبات پیش کئے گئے۔ اِس کے علاوہ، شرکأ کی سہولیت کے لئے موقعہ پر ایک موبائل چارجنگ سٹیشن بھی قائم کیا گیاتھا۔یہ اَقدام این ایس ایس پروگرام آفیسر ڈاکٹر شیخ سہیل احمد کی نگرانی میں کیا گیاجس میں این ایس ایس رضاکاروں اور کالج کے معاون عملے نے بھرپور شرکت کی۔پرنسپل اِسلامیہ کالج پروفیسر (ڈاکٹر) تہمینہ یوسف نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے این ایس ایس ٹیم کی منصوبہ بندی اور عوامی خدمت کے جذبے کی سراہنا کی ۔ اُنہوں نے کہا کہ این ایس ایس یونٹ طلبأ میں اتحاد، ہمدردی اور رضاکارانہ خدمات کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم رول اَدا کر رہا ہے۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر سہیل نے کہا کہ اس طرح کے سہولتی کیمپ معاشرتی فلاح و بہبود کے لئے ادارے کی مسلسل وابستگی کا حصہ ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِسلامیہ کالج اس طرح کی عوامی فلاحی سرگرمیوں میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ این ایس ایس یونٹ کی جانب سے عاشورہ کے جلوس کے اختتام کے بعد علاقے میں صفائی مہم چلانے کا بھی منصوبہ ہے۔