تعارفی میٹنگ کی صدارت کی اور اہم محکمانہ ترجیحات کا جائزہ لیا
جموں//اَشونی کمار نے سول سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس) پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا عہدہ سنبھال لیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے چارج سنبھالنے کے بعد محکمہ کے سینئر اَفسران کے ساتھ ایک تعارفی میٹنگ منعقد کی جس میں محکمہ کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔دورانِ میٹنگ اَشونی کمار نے چیف اَنجینئروںاور دیگر اعلیٰ اَفسران کے ساتھ تفصیلی تبادلۂ خیال کیاجس میں پاور اِنفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، ترسیلی و تقسیمی کارکردگی کو بہتر بنانے اور جموں و کشمیر میں صارفین کو قابل اعتماد اور معیاری بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر توجہ دی گئی۔اے سی ایس نے کہا ،’’ پاور سیکٹر اِقتصادی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔‘‘اُنہوں نے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے، منصوبوں کی بروقت تکمیل اور جدید ٹیکنالوجی کے اِستعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اپریشنل کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔ اُنہوں نے ترسیلی و تقسیمی نقصانات کو کم کرنے ، بجلی کے جاری منصوبوں پر عمل درآمد میں تیزی لانے او رصارفین کی شکایات کے فوری اَزالے کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اشونی کمارنے ہدایت دی ،’’محکمانہ اہداف کے حصول میں شفافیت، جوابدہی اور نتیجہ خیز طریقۂ کار کو برقرار رکھا جائے۔‘‘اُنہوںنے محکمہ کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں مؤثر، قابلِ اعتماد اور صارف دوست بجلی کی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے لگن اور اِجتماعی ذِمہ داری کے ساتھ کام کریں۔










