سری نگر//کشمیر پولیس زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ ہاری پاریگام اونتی میں ایک سپیشل پولیس افسر (ایس پی او) اور ان کی اہلیہ اور بیٹی کو ہلاک کرنے میں جیش محمد نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ دو جنگجو ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں کی شناخت کی گئی ہے اور پولیس ان کے پیچھے لگی ہوئی ہے۔موصوف انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں پولیس کنٹرول روم میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا: ‘ہاری پاریگام اونتی پورہ میں جو واقعہ پیش آیا تھا جس میں ہمارے ایک ایس پی او کو ہلاک کیا گیا تھا اور اس کو بچانے کے لئے اس کی بیوی اور بیٹی آئی تھی ان کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ حملہ جیش محمد سے وابستہ دو جنگجوؤں نے کیا ہے جن میں سے ایک پاکستانی ہے، دونوں کی شناخت کی گئی ہے، پولیس ان کے پیچھے ہے اور ان کو جلد ہی گرفتار کیا جائے گا یا مارا جائے گا۔مسٹر کمار نے کہا کہ جنگجو بے گناہ لوگوں چاہئے وہ عام شہری ہوں یا پولیس اہلکار، کو نشانہ بنا کر کشمیر میں ڈر کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار جو مقامی ہیں، کا گھر آنا جانا رہتا ہے لہٰذا وہ آسانی سے نشانہ بنائے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ملی ٹنٹ اس طرح کے حملے کرتے ہیں تو ہم بھی اس کا موثر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ہاری پاریگام اونتی پورہ میں اتوار کی شام مشتبہ جنگجوؤں نے فیاض احمد نامی ایک ایس پی او کے گھر میں داخل ہو کر اس پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ خود، ان کی اہلیہ اور 23 سالہ بیٹی ہلاک ہوئی۔










