تجاوزات اور کوڈہ کرکت سے وجود مٹنے کا خطرہ
سرینگر// یو این ایس / سری نگر کے مضافاتی علاقے اونتہ بھون میں سازواری گراؤنڈ کے قریب واقع ایک تاریخی آبی نالہ برسوں کی غفلت، تجاوزات اور بے تحاشا کوڑا کرکٹ پھینکے جانے کے باعث شدید آلودگی کا شکار ہو چکا ہے، جس پر مقامی آبادی میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق چند دہائیاں قبل یہ نالہ نہایت صاف و شفاف پانی سے بھرا رہتا تھا، جہاں لوگ نہ صرف نہاتے تھے بلکہ مچھلیاں پکڑ کر استعمال بھی کرتے تھے۔یو این ایس کے مطابق باشندوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں یہ آبی نالہ دو سمتوں میں بہتا تھا، جس کی ایک شاخ بگاتی شور آونتہ بھون جبکہ دوسری سکھ باغ کی طرف جاتی تھی۔لوگوں نے بتایا کہ یہ نالہ ایک بڑے تالاب سے جڑا ہوا تھا، جس کی گہرائی تقریباً 10 سے 15 فٹ تھی اور یہ مقامی آبی نظام میں اہم کردار ادا کرتا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نہ صرف تالاب بلکہ نالے کی قدرتی ساخت اور بہاؤ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق نالے کے دونوں کناروں پر غیر قانونی تجاوزات اور گھریلو و تعمیراتی فضلہ ڈالے جانے سے اس کا راستہ تنگ ہو گیا ہے اور قدرتی بہاؤ رک گیا ہے۔ نتیجتاً یہ تاریخی آبی ذخیرہ اب ایک بدبودار اور آلودہ نالے میں تبدیل ہو چکا ہے، جو آس پاس کے علاقوں کے لیے ماحولیاتی اور صحت کے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے۔اونتہ بھون کو تاریخی حیثیت حاصل ہے، کیونکہ یہ بستی راجہ میگھواہن کی ملکہ رانی امرتا پرابھا نے آباد کی تھی۔ علاقے کی مرکزی سڑک وچار ناگ کی طرف جاتی ہے، جہاں دو قدیم شیو مندر اور دو مقدس چشمے واقع ہیں، جو اس خطے کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔مقامی افراد نے نالے کے قریب واقع ایک قدیم پل نما دروازے کی خستہ حالت پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری مرمت اور تحفظ کے اقدامات نہ کیے گئے تو یہ تاریخی ڈھانچہ منہدم ہو سکتا ہے۔لوگوں کا الزام ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود متعلقہ محکموں نے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ ایک مقامی شہری نے کہا، ‘‘یہ نالہ کبھی آونتہ بھون اور آس پاس کے علاقوں کی زندگی کی علامت تھا، مگر سرکاری غفلت نے اسے تباہ کر دیا ہے۔مقامی آبادی نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تجاوزات ہٹائی جائیں، نالے اور تالاب کی صفائی و گاد نکاسی کی جائے اور قدیم ڈھانچوں کو محفوظ کیا جائے، وگرنہ سری نگر کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو سکتا ہے۔










