اودھمپور پارلیمانی حلقہ میں زائد اَز 16.23لاکھ رائے دہندگان

12اُمید واروں کی قسمت کا فیصلہ کریںگے ، الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں 2,637 پولنگ سٹیشن قائم کئے

کٹھوعہ// اودھم پور لوک سبھا سیٹ کے لئے 19 ؍اپریل کو ہونے والے عام اِنتخابات کے پہلے مرحلے میں زائد اَز 16.23 لاکھ رائے دہندگان 12 اُمیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ادھم پور پارلیمانی حلقہ پانچ اضلاع میں پھیلا ہوا ہے جن میں کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن، اودھمپور اور کٹھوعہ شامل ہیں۔ریٹرننگ آفیسر 4 ۔اودھمپور پارلیمانی حلقہ کے دفتر سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اودھمپور لوک سبھا سیٹ کے لئے 16,23,195 رجسٹرڈ رائے دہندگان ہیں جن میں 8,45,283 مرد ، 7,77,899 خواتین اور 13 ٹرانس جینڈر رائے دہندگان شامل ہیں۔الیکشن کمیشن آف اِنڈیا (اِی سی آئی) نے پورے حلقے میں 2,637 پولنگ سٹیشن قائم کئے ہیںجن میں سے 2,457 دیہی علاقوں اور 180 شہری علاقوں میں واقع ہیں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ 23,637 معذور افراد (پی ڈبلیو ڈی) کو ووٹر لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جس میں 14,362 مرد اور 9,275 خواتین شامل ہیں۔نوجوان رائے دہندگان جن کی عمر 18سے19 برس ہیں جس میں 45,825 مرد ، 38,641 خواتین اور 2 خواجہ سرا رائے دہندگان ہیںجن کی کل تعداد 84,468 ہے۔اس حلقے میں قابل ذکر بزرگ آبادی ہے، جس میں 12,020 مرد و رائے دہندگان اور 13,612 خواتین ووٹرز ہیں جن کی عمر 80 سال سے اوپر ہیں، مجموعی طور پر 25,632 تجربہ کار ووٹرز انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔