اودھمپور//ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اودھمپور جُگل کشور نے 16ویں قومی یومِ رائے دہندگان 2026 کی تقریبات، جس کا موضوع ’میرا بھارت، میرا ووٹ‘ اور نعرہ ’بھارتی جمہوریت کے قلب میں‘ہے، کے اِنتظامات کا جائزہ لینے اور انہیں حتمی شکل دینے کے لئے آج مختلف محکموں کے اَفسران کی ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں ڈِپٹی ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر بابو پردیپ کمار، ڈِسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر نیرج بھارگو، اِی آر اوز، اے اِی آر اوز اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی جبکہ تعلیمی اِداروں کے سربراہان نے بذریعہ ورچیول موڑ میٹنگ میں حصہ لیا۔میٹنگ کو سرگرمیوں کا شیڈول تیار کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بیداری سے متعلق متعدد سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی جن میں ریلیاں، مباحثے، مصوری مقابلے، کوئز، نعرہ نویسی کے مقابلے، ویب ناروں اور قومی یومِ رائے دہندگان کا حلف شامل ہیں۔ اِن سرگرمیوں میں ضلع، سب ڈویژن اور تحصیل سطح پر کالج اور سکول کے طلبأ کو شامل کیا جائے گا تاکہ رائے دہندگان میں بیداری پیدا کی جاسکے ۔ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے عوامی شرکت کی زیادہ سے زیادہ اہمیت پر زور دیتے ہوئے بالخصوص نئے رائے دہندگان پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک وسیع بیداری مہم شروع کرنے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ قومی یومِ رائے دہندگان کی تقریبات کو کامیاب اور پُرجوش بنانے کے لئے لگن، ہم آہنگی اور عزم کے ساتھ کام کریں۔










