اودھمپور اِنتظامیہ نے موسم سرما کیلئے ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا

ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوامی پریشانی کو دور کرنے کیلئے کثیر الجہتی تیاریوں پرزور

اودھمپور//ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور سلونی رائے نے منی کانفرنس ہال ڈی سی آفس کمپلیکس میں ضلع میں موسم سرما کی تیاریوں کے سلسلے میں ایکشن پلان کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں تیاریوں کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی گئی جس میں برف سے ڈھکے علاقوں میں سڑک کی صفائی، قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی احسن طریقے سے آواہی ،پتنی ٹاپ پر اضافی پارکنگ کے لئے مقامات کی نشاندہی، موسم سرما کے دوران ہموار رابطے کے اِنتظامات وغیرہ شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ٹریفک اور دیگر ضروری خدمات میں رُکاوٹ کے امکانات کو کم سے کم کرنے کے لئے افراد اور مشینری کو متحرک کیا جائے۔ اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ ناکہ بندی کی کلیئرنس میں تاخیر نہ کی جائے اور جیسے ہی ایسا ہو، کلیئرنس مشینوں کو سروس میں لگایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے مزید کوششیں کرنے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اَفسروںسے کہا کہ وہ برفباری والے علاقوں میں تمام ضروری اشیأ کا ذخیرہ فوری طور پر مکمل کریں۔جے پی ڈی سی ایل کو ہدایت دی گئی کہ وہ سب ڈویژنل ورکشاپوں میں بجلی کے ٹرانسفارمروں اور تاروں کا بفر سٹاک برقرار رکھیں تاکہ خراب ٹرانسفارمروں کی بروقت تبدیلی اور مرمت کو ممکن بنایا جاسکے۔محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین کو ہدایت دی گئی کہ وہ دُور دراز علاقوں اور سیلز سینٹروں میں راشن، رسوئی گیس وغیرہ سمیت ضروری اشیائے کا مناسب ذخیرہ یقینی بنائیں۔نیشنل ہائی وے اور ضلع کے دیگر اہم رابطوں پر برفباری کے دوران روڈ کلیئر نس کے اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے موسم سرما کے دوران ٹریفک کی بلا تعطل آواجاہی کو یقینی بنانے کے لئے اہم مقامات پر برف صاف کرنے والی مشینری کی تعیناتی کے لئے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔