گاندربل//مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات ، نوجوانوں کے امور اور کھیل مسٹر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے زیڈ پی ای او اور زونل پلے فیلڈ کا سنگِ بنیاد رکھا اور کِچپورہ کنگن میں پی ایم جی ایس وائی سڑک کا افتتاح کیا ۔ وزیر نے کِچپورہ کنگن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زونل فزیکل ایجوکیشن آفس ( زیڈ پی ای او ) اور 1.14 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور شدہ زونل لیول پلے فیلڈ کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں قابلیت کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پرتیبھا کو آگے بڑھایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو سہولیات کی ضرورت ہے اور مرکزی حکومت تمام سہولیات کو یقینی بنائے گی تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ علاقے میں ٹیلنٹ پھلتا پھولتا رہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت موجودہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور یو ٹی کیلئے سہولیات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پُر عزم ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھیلوں میں شامل ہوں اور مختلف سطحوں پر جموں و کشمیر کی نمائندگی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے پی ایم ڈیولپمنٹ پلان کے تحت پلے فیلڈز اور انڈور سٹیڈیم کی ترقی کیلئے 200 کروڑ روپے مختص کئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں مصنوعی ٹرفز ، ہاکی اور فُٹ بال گراؤنڈز کی تیاری کیلئے مزید 33 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے اجتماع پر زور دیا کہ وہ یکم اکتوبر 2021 سے شروع ہونے والے ملک بھر کے ’’ کلین انڈیا مشن ‘‘ میں شامل ہوں ۔ مرکزی وزیر کا استقبال کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے مرکزی حکومت کی اس میگا آؤٹ ریچ پروگرام کو جموں و کشمیر یو ٹی میں منعقد کرنے کی کوششوں کی تعریف کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گاندر بل کرتیکا جیوتسنا ، ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، ایس ایس پی گاندر بل اور محکمہ کے دیگر حکام بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں وزیر نے کچپورہ کنگن میں منعقدہ ایک رنگا رنگ تقریب کے دوران طلباء میں سرٹیفکیٹ ، یاد گار اور کھیلوں کی کٹس تقسیم کیں ۔ اس موقع پر وزیر نے ثقافتی پروگرام اور مارشل آرٹس ، ٹگ آف وار ، کبڈی اور والی بال میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا ڈیمو بھی دیکھا ۔ وزیر نے کنگن کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے بونی باغ کنگن میں 136.67 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ پی ایم جی ایس وائی سڑک کا افتتاح کیا جو بانی ناغ بالا رہائش گاہ کو ہائی وے سے جوڑتی ہے ۔ اس دوران انہوں نے بونی باغ کے مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی اور علاقے میں ترقیاتی ضروریات کے بارے میں دریافت کیا ۔ مقامی لوگوں نے وزیر کا علاقہ کا دورہ کرنے اور مذکورہ سڑک کا افتتاح کرنے پر ان کی تائید کی جو کہ مقامی لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی ۔










