اننت ناگ،کولگام//جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں ہوئی2 تصادم آرائیوں میں ایک مقامی ملی ٹنٹ کمانڈر مارا گیا ہے، جبکہ2پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ۔اس دوران ایک جائے تصادم سے ملی ٹنٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،جن کی تلاش بڑے پیمانے پرشروع کردی گئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق اننت ناگ ضلع کے سرہامہ بجبہاڑہ علاقہ میں جمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان شروع ہونے والے تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک مقامی جنگجو مارا گیا جبکہ یہاں جنگجومخالف آپریشن سنیچر کوسہ پہرتک جاری تھا۔کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اننت انکاؤنٹر میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک مقامی جنگجو مارا گیا جبکہ آپریشن ہونز جاری ہے۔اْنہوں نے مزید کہاکہ مارے گئے مقامی لشکرِ طیبہ کمانڈر کی شناخت کولگام کے ریڈوانیبالہ علاقہ کے رہنے والے نثار احمد ڈار کے طور ہوئی ہے۔قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے سر ہامہ بجبہاڑہ گاوں میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے دوران شب اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین تصادم چھڑ گیا۔دریں اثنا انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع اننت ناگ کے کئی علاقوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو منقطع کیا ہے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے چیک صمد دمہال ہانجی پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے، جس میں 2پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں ہیں جبکہ جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے چیک صمد دمہال ہانجی پورہ کولگام میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب اس علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجووں نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ذرائع نے بتایا کہ جنگجووں کیخلاف آپریشن کیلئیسیکورٹی فورسز اہلکاروں کو جائے تصادم کی اور روانہ کیا گیا ، لیکن جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔










