حکومت جموںوکشمیر میں بے روزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے پُر عزم ہے
جموں//حکومت نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ضلع اننت ناگ میں صنعتی اسٹیٹس کے قیام کے لئے 13 مقامات پر مشتمل مجموعی طور پر 4142.43 کنال اراضی محکمہ صنعت و حرفت کو منتقل کی گئی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے یہ بات آج ایوان میں رُ کن اسمبلی عبدالمجید بٹ کے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتائی ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ اراضی اننت ناگ کے مختلف مقامات جیسے پہلگام، بجی بہاڑہ ، ڈورو ، شانگس ، مٹن اوردیگر علاقوں میں واقع ہے۔تاہم نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت اننت ناگ ویسٹ حلقہ اِنتخاب میں کوئی صنعتی اسٹیٹ موجود نہیں ہے اور نہ ہی اس حوالے سے محکمہ کے زیر غور کوئی تجویز ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کو فروغ دینے کے لئے پُر عزم ہے تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جا سکیں اور جموں و کشمیر میں بے روزگاری کا مسئلہ حل کیا جا سکے۔










