سرینگر// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ریٹیل سبزی منڈی کی عدم دستیابی سے مقامی باشندوں کو مشکلات درپیش ہیں۔ وائس آف انڈیا کے مطابق ایک طرف سبزی فروخت کرنے والے ریڑھی والوں کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے۔ ریڑھی والے سڑک کے کناروں ،پٹریوں ،گلی کوچوں میں غیر قانونی طریقہ سے اپنی ریڑھی لگا کر نہ صرف راہگیروں کے لئے چلنا پھرنا دشوار بنا دیتے ہیں بلکہ ٹریفک کی معقول نقل و حمل کو بھی متاثر کر دیتے ہیں اور بیشتر اوقات یہ عمل ٹریفک جام کا موجب بن جاتا ہے۔ وی او آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ سے بات کرتے ہوئے مقامی سبزی فروش بشیر احمد میر نے کہا کہ قصبہ اننت ناگ میں مستقل ریٹیل سبزی منڈی کی اشد ضرورت ہے۔ یہ ان کی دیرینہ مانگ بھی ہے۔ ریٹیل پیکنگ سبزی منڈی نہ صرف عام صارفین بلکہ سبزیوں کے کاروبار سے جڑے افراد کے لئے بھی کافی سود مند ثابت ہوگی۔ کیونکہ ریٹیل سبزی منڈی کے قیام سے نہ صرف من مانی ختم ہو جائے گی بلکہ قصبہ اننت ناگ کی شاہرائیں ریڑھی والوں کے غیر قانونی قبضہ سے بھی آزاد ہو جائیں گی۔










