اننت ناگ اور کشتواڑمیں غیر حاضر ملازمین کیخلاف سخت تادیبی کارروائی

اننت ناگ اور کشتواڑمیں غیر حاضر ملازمین کیخلاف سخت تادیبی کارروائی

43ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کاٹنے کے احکامات

سری نگر//حکومت نے ڈیوٹی سے لاپرواہی کے مرتکب سرکاری ملازمین کیخلاف تادیبی کارروائی جاری رکھتے ہوئے جنوبی ضلع اننت ناگ میں ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے32ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ میں کٹوتی کا حکم دیا ہے۔اُدھرحکام نے جموں صوبہ کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں ڈیوٹی سے غیرحاضر پائے گئے21ملازمین کے نام وجہ بتائو نوٹس جاری کردی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ہفتہ کو جنوبی کشمیر کے ضلع میں غیر حاضر پائے گئے 32ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ میں کٹوتی کا حکم دیا ہے۔اے ڈی سی اننت ناگ غلام حسن شیخ کے ساتھ دیگر افسران کی حاضری چیک کرنے کیلئے مختلف دفاتر میں اچانک معائنہ کیا۔اس دوران32ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ میں کٹوتی کے علاوہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔اُدھرصوبہ جموں کے ضلع کشتواڑ میں ڈیوٹی کے اوقات میں غیر حاضر رہنے پر21 ملازمین کے نام وجہ بتائونوٹس جاری کی گئی ہے۔ حکام نے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں سرکاری دفاتر کے اچانک دورے کے دوران 21 ملازمین کوڈیوٹی سے غیر حاضر پایا۔حکامنے بتایا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرکشتواڑشام لال نے مختلف سرکاری دفاترکادورہ کرکے وہاں ملازمین کی حاضری چیک کی ،اوراس دوران21 ملازمین چھٹی لئے بغیر غیر حاضر پائے گئے، جبکہ ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرول آفس کو دورے کے دوران بند پایا گیا۔حکام نے بتایا کہ نتیجہ کے طور پر، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرکشتواڑنے ان 21 ملازمین کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا اور ان کی تنخواہیں روکنے کا حکم دیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ وہ 3 دن کے اندر غیر حاضرین سے وضاحت طلب کریں اور ان کے خلاف آئندہ کارروائی شروع کی جائے۔