مرگن، سنتھن ٹاپس میں ٹریکنگ اور کیمپنگ پر دو ماہ کی پابندی عائد

اننت ناگ انتظامیہ کا حفاظتی اقدام

مرگن، سنتھن ٹاپس میں ٹریکنگ اور کیمپنگ پر دو ماہ کی پابندی عائد

سرینگر/یو این ایس / ضلع اننت ناگ کی انتظامیہ نے سیکیورٹی اور عوامی تحفظ کے خدشات کے باعث مرگن ٹاپ، چوہر ناگ اور سنتھن ٹاپ کے علاقوں میں ٹریکنگ، کیمپنگ، ہائیکنگ اور دیگر بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ایک سرکاری حکم نامے کے مطابق سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کوکرناگ نے کہا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات میں سب ڈویڑن کوکرناگ کے تحت آنے والے بعض بلند پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں سیکیورٹی کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ایس ڈی ایم کوکرناگ نے حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض افراد نے رات کے اوقات میں پولیس چیک پوائنٹس عبور کرنے کی کوشش کی، جس سے سنگین حفاظتی خدشات پیدا ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حساس علاقوں میں بلا روک ٹوک نقل و حرکت اور بیرونی سرگرمیاں عوامی سلامتی اور سیکیورٹی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔حکم نامے کے مطابق یہ پابندی دو ماہ تک نافذ العمل رہے گی، جب تک کہ اسے واپس نہ لیا جائے یا اس میں توسیع نہ کی جائے۔ اسٹیشن ہاؤس آفیسر لارنوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حکم کی سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں اور تمام چیک پوائنٹس پر نقل و حرکت کو منظم کریں۔انتظامیہ نے عوام کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ احکامات کی پابندی کریں، جبکہ خبردار کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔