انفیکشن میں اِضافے سے بچنے کیلئے سی اے بی ، ایس او پیز اہم ہیں:ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ

اننت ناگ/ /ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے کہا کہ کووِڈ۔19 صورتحا ل اور شفایاب کی شرح بتدریج بہتر ہو رہی ہے جس میںضلع میں مثبت معاملات اور صحتیابی کی شرح میںگزشتہ سات دِنوں کے دوران نمایاں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے کہا کہ کووِڈ مناسب سی اے بی اور ایس او پیز انفیکشن میں اِضافے کو روکنے کے لئے بہت ضروری ہیںتاکہ کووِڈ وائرس کے پھیلائو پر مزید قابو پایا جاسکے۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر نے کووِڈ۔19 منظرنامے اور ضلع میں اس کے اثر کو کم کرنے کے لئے اُٹھائے جانے والے اِقدامات کے بارے میں میڈیا اَفراد کو بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ڈاکٹر سنگلا نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ صحتیابی کی شرح مزید 95 فیصد تک بڑھ گئی ہے جبکہ اِس عرصے میں مثبت معاملات کی شرح 3 فیصد سے بھی کم ہے ۔اُنہوں نے ویکسی نیشن کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اَب تک زائد اَز 2.5 لاکھ ٹیکے 45 برس عمر سے زیادہ ترجیحی اور 18 برس عمر سے 44 برس عمر تک ہائی رِسک/ کمزور گروپوں کو لگائے گئے ہیں ۔ اُنہوں نے مزیدکہا کہ آنے والے ہفتوں میں ہدف آبادی کی فیصد کو حاصل کرنے کے لئے ٹیکے لگانے کی کوششیں تیز کی جار ہی ہے۔ڈی سی نے کہا کہ سینئر اَفسران کی نگرانی میں ٹیکے لگانے کے لئے گھر گھر جا کر ٹیکہ کاری مہم کو تیز کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں نمونے لینے میں تیزی لا کر یومیہ بنیاد پر 2200 سے زیادہ ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ڈاکٹر پیوش سنگلا نے اہل لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ حفاظتی ٹیکے جلد از جلد لگائیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے صورتحال پرقابو پانے کے لئے لائن ڈیپارٹمنٹ اور تمام شراکت داروں کی کاوشوں کا شکریہ اَدا کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ توجہ مرکوز اور پُرعزم رہیں تاکہ نتائج کو مستحکم کیا جاسکے۔