Army jawans walk amid heavy snowfall near the site of encounter in Amshipora area of South Kashmir's Shopian district

امشی پورہ شوپیان میں 2مقامی ملی ٹنٹ اورایک عام شہری جاں بحق

سری نگر//جموں وکشمیر پولیس کے صوبائی سربراہ کشمیر وجے کمار نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے امشی پورہ علاقے میں جمعہ کی صبح ہوئی ایک جھڑپ میں2مقامی ملی ٹنٹ اور ایک عام شہری مارا گیا۔تاہم انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ عام شہری ملی ٹنٹوںکی فائرنگ کی زدمیں آکرجاں بحق ہوا۔جے کے این ایس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون وجئے کمار نے میڈیاکوبتایاکہ امشی پورہ، شوپیان میں جنگجوئوںکی موجودگی کے بارے میں پولیس کی مخصوص اطلاع کی بنیاد پر، 24اور 25فروری کی درمیانی رات کو ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا،وریہاں رہائشی گھروں کو گھیرے میں لینے کے بعدشہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ اس کے بعد چھپے ہوئے جنگجوئوںکا پتہ لگانے کے لئے رات گئے گھر گھر تلاشی شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ملی ٹنٹ باہر آئے اور انہوںنے سیکورٹی فورسزپر اندھا دھند فائرنگ کی،اوراس فائرنگ میں ایک شہری شکیل احمد خان ولد عبدالرحیم خان، ساکنہ امشی پورہ شدید زخمی ہوا۔ زخمی شہری کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کئے جانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے کہا کہ جنگجوئوںں کی طرف سے فائرنگ کے بعدموثر جوابی کارروائی کی گئی جس میں2ملی ٹنٹ مارے گئے۔انہوں نے کہاکہ مارے گئے جنگجوئوںکی شناخت مزمل احمد میر ولدعبدالحمید میر ساکنہ چتری پورہ، شوپیاں اور شارق ایوب ولد محمد ایوب وگے ساکنہ بون پورہ، امشی پورہ، شوپیاں کے طور پر ہوئی۔ آئی جی پی کشمیر کاکہناتھاکہ مزمل کئی عسکری سرگرمیوں میں ملوث تھا۔انہوںنے مزیدکہاکہ دونوں مارے گئے جنگجوئوں کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے کہا کہ اسلحے بشمول ایک اے کے 56 رائفل،یک پستول اور گولہ بارود بھی جائے جھڑپ سے برآمد کیا گیا۔ آئی جی پی کشمیرکا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں شہری مارا گیا۔