چھڑی تاریخی شنکر آچاریہ مندر پہنچائی گئی، پوجا کا اہتمام
سرینگر/وی او آئی//امرناتھ یاترا 2025 کے تحت “چھڑی مبارک” کو آج شہر سرینگر کے بالائی علاقے زبرون پہاڑیوں پر واقع تاریخی شنکر آچاریہ مندر لے جایا گیا، جہاں عقیدت و احترام کے ماحول میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا۔وائس آف انڈیا کے مطابق مذہبی پیشواؤں اور عقیدت مندوں نے روایتی رسومات ادا کرتے ہوئے چھڑی کی پوجاکی، جس کے دوران مندر کے احاطے میں روحانیت سے لبریز فضا محسوس کی گئی۔یہ علامتی اور تاریخی سفر صدیوں پرانی روایت کا تسلسل ہے اور امرناتھ یاترا کے سالانہ پروگرام میں ایک اہم مرحلہ مانا جاتا ہے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی یہ تقریب ہزاروں یاتریوں کی موجودگی اور عقیدت سے وابستہ جوش و جذبے کا مظہر بنی ہوئی ہے۔مقدس چھڑی کی یہ روانگی امرناتھ گپھا کی یاترا سے قبل روحانی تیاریوں کا حصہ ہے، جو ہندو عقیدے کے مطابق بھگوان شیو سے جْڑی عبادات کا اہم مظہر سمجھی جاتی ہے۔










