کینیڈا کی لبرل پارٹی نے 59 سالہ مارک کارنی کو اگلا وزیر اعظم نامزد کر دیا ہے، وہ کینیڈا اور انگلینڈ کے مرکزی بینکوں کے سابق سربراہ بھی رہ چکے ہیں، اپنے انتخاب کے بعد مارک کارنی نے خبردار کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکا کی جانب سے ’سیاہ دن‘ لائے جائیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق مارک کارنی نے امریکی صدر کے خلاف جارحانہ موقف اختیار کرنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کیا، کیونکہ امریکی صدر نے کینیڈین کارکنوں، خاندانوں اور کاروباری اداروں پر حملے کا الزام عائد کیا تھا۔
آئندہ دنوں میں سبکدوش ہونے والے لبرل وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جگہ سنبھالنے والے 59 سالہ مارک کارنی نے کہا کہ ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دے سکتے۔
کینیڈا میں اکتوبر تک انتخابات کا انعقاد لازمی ہے، لیکن چند ہفتوں کے اندر اندر قبل از وقت انتخابات ہو سکتے ہیں، حالیہ جائزوں میں حزب اختلاف کی کنزرویٹو پارٹی کو معمولی فیورٹ قرار دیا گیا ہے۔
اوٹاوا میں پارٹی کے حامیوں کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے مارک کارنی نے خبردار کیا کہ ٹرمپ کی قیادت میں امریکا، کینیڈا کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، امریکی ہمارے وسائل، پانی، زمین اور ہمارا ملک چاہتے ہیں، یہ سیاہ ’دن‘ ہیں، ایک ایسے ملک کی طرف سے لائے گئے سیاہ دن جن پر ہم اب بھروسہ نہیں کر سکتے۔ مارک کارنی جو پہلے بینک آف کینیڈا اور بینک آف انگلینڈ کی قیادت کر چکے ہیں، انہوں نے اہم حریف ٹروڈو کی سابق نائب وزیر اعظم کرسٹیا فری لینڈ کو شکست دی، جو 2015 میں پہلی بار منتخب ہونے والی لبرل حکومت میں کابینہ کے کئی سینئر عہدوں پر فائز رہی تھیں۔ مارک کارنی نے ڈالے گئے تقریباً ایک لاکھ 52 ہزار ووٹوں میں سے 85.9 فیصد ووٹ حاصل کیے، فری لینڈ نے صرف 8 فیصد ووٹ حاصل کیے، کارنی نے ٹرمپ کے خلاف ’کھڑے ہونے‘ کے وعدے پر مہم چلائی تھی۔
کینیڈا کے نئے وزیراعظم مارک کارنی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی جنگ جیتنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے امریکا کے خلاف سخت تنقید کی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے اس لڑائی کا مطالبہ نہیں کیا تھا، جب کوئی اور ’دستانے اتارتا ہے‘ تو کینیڈین ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکیوں کو کوئی غلطی نہیں کرنی چاہیے، ہاکی کی طرح تجارت میں بھی کینیڈا جیت جائے گا۔
کینیڈا میں اکتوبر تک انتخابات کا انعقاد لازمی ہے لیکن چند ہفتوں کے اندر قبل از وقت انتخابات ہو سکتے ہیں، حالیہ جائزوں میں حزب اختلاف کی کنزرویٹو پارٹی کو معمولی فیورٹ قرار دیا گیا ہے۔
اپنی فتح کی تقریر میں مارک کارنی نے متنبہ کیا کہ ٹرمپ کی قیادت میں امریکا کینیڈا پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، امریکی ہمارے وسائل، پانی، اپنی زمین اور اپنا ملک چاہتے ہیں، یہ سیاہ دن ایک ایسے ملک کی طرف سے لائے گئے ہیں جس پر ہم اب بھروسہ نہیں کر سکتے۔
امریکی صدر نے بارہا کینیڈا کو ضم کرنے کی بات کی ہے اور دوطرفہ تجارت کو افراتفری سے دوچار کر دیا ہے جو کینیڈا کی معیشت کی جان ہے، اسی وجہ سے محصولات میں اضافہ ہوا ہے۔










