سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے شہداء کربلا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے سچائی اور انصاف کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاتھا۔یہاں جاری ایک بیان میں بخاری نے کہاکہ حضرت امام حسین ؓ اور اُن کے ساتھیوں کی طرف سے دی گئی عظیم قربانیاں رہتی دنیا تک ہمیشہ عظیم مثال رہے گی اور ہمیں دوسروں کے لئے جینے اور بے لوث طرز زندگی اپنانے کا درس دیتی رہے گی۔ الطاف بخاری نے کہاکہ ’’واقعہ کربلا کا پیغام کسی خاص مذہب یا مسلک تک محدود نہیں، یہ ہمیں اِس بات کا پیغام دیتا ہے کہ کیسے شہداء نے جانوں کی پرواہ کئے بغیر حق گوئی اورصداقت کی بالادستی کے لئے سر بھی کٹوا دیئے۔شہداء کربلا نے دین اسلام کے بنیادی عقائد، تعلیمات اور اصولوں کی حفاظت کیلئے10 محرم الحرام کو اپنے بہادر اور جانثار ساتھیوں کے ساتھ جو قربانی پیش کی، وہ تا صبح قیامت پوری انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔حضرت امام حسین ؓنے ظالموں کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے ایک ایسی مثال قائم کی جو حق و صداقت کے لئے جدوجہد کرنے والوں کے لیے قیامت تک مشعل راہ کا کام کرے گی۔ بخاری نے کہاکہ واقعہ کربلا روشنی اور اُمید کی کرن ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ظلم کو ایک دن ختم ہونا ہے اور اخوت ، امن ومساوات کی آخرفتح ہونی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یزیدکے پاس ابھی اپنی کوئی میراث نہیں ہے لیکن حضرت امام حسین ؓکی میراث زندہ ہے اور تاقیامت رہے گی ۔ بخاری نے جموں و کشمیر کی صوبائی انتظامیہ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عزاداروں کو تمام سہولیات بلاخلل دستیاب رہیں تاکہ اُنہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔










