نئی دہلی: بی سی سی آئی نے اتوار کو افغانستان کے خلاف 11 جنوری سے موہالی میں شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ روہت کو دوبارہ ٹی-20 کی کپتانی سونپی گئی ہے۔ جبکہ سلیکٹرز نے محمد سراج اور جسپریت بمراہ کو آرام دیا ہے۔کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے بی سی سی آئی کو مطلع کیا تھا کہ وہ ٹی-20 ٹیم میں انتخاب کے لیے دستیاب ہیں۔ ایسے میں بی سی سی آئی نے دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ روہت تینوں فارمیٹس میں ٹیم انڈیا کے آفیشل کپتان ہیں۔ تاہم انہوں نے اور وراٹ کوہلی نے ایک سال سے کوئی ٹی-20 میچ نہیں کھیلا۔سلیکٹرز نے سیریز میں تیز گیند باز محمد سراج اور جسپریت بمراہ کو آرام دیا ہے۔ دراصل ٹیم انتظامیہ چاہتی ہے کہ یہ دونوں گیند باز انگلینڈ سیریز کے لیے بالکل تازہ دم رہیں۔ ہندوستانی ٹیم اور افغانستان کے درمیان ٹی-20 سیریز کا پہلا میچ 11 جنوری کو موہالی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرا میچ 14 جنوری کو اندور میں اور اس کے بعد آخری میچ بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ہندوستان کی ٹیم اس طرح ہے: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، تلک ورما، رنکو سنگھ، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، واشنگٹن سندر، اکسر پٹیل، روی بشنوئی، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ، اویش خان اور مکیش کمار۔










