سرینگر//وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان کے حالات پر نظر بنائے رکھے ہوئے ہیں اور وہاں کے حالات خصوصا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری نگاہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس سلسلے میں دیگر ممالک کے ساتھ بھی رابطہ ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد پیدا ہونے والے واقعات کے درمیان جمعرات کو سبھی اپوزیشن پارٹیوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو افغانستان کی تازہ صورت حال کی جانکاری دی۔انہوںنے کہاکہ بھارت افغانستان کی موجودہ حالات سے باخبر ہے اور انسانی حقوق پر نہ صرف نظر بنائے ہوئے ہیں بلکہ عالمی برادری کے ساتھ بھی اس بارے میں رابطہ ہے ۔وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے کہاکہ یہ اجلاس وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایات پر منعقد کیا گیا۔ افغانستان کے مسئلے پر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کے لیے حکومت نے انہیں تمام پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔پارلیمانی ریسرچ میں منعقدہ اس میٹنگ میں پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی ، وزیر تجارت پیوش گوئل اور ارجن میگھوال بھی موجود تھے۔ افغانستان میں ہندوستان کے سفیر رودریندر ٹنڈن اور سیکرٹری خارجہ ہرش شرنگلا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔یہ اجلاس اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ افغانستان پر طالبان کے قبضے سے پیدا ہونے والے خدشات اور ہندوستان پر اس کے اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔










