Out of 78 people who arrived at Delhi airport from Afghanistan, 16 were infected with the corona virus

افغانستان سے دہلی ائرپورٹ پہنچے78افرادمیں سے16کوکورونا وائرس

سری نگر//بھارتی فضائیہ کے ذریعہ گذشتہ روز افغانستان سے انخلا کے دوران لائے گئے 78 افراد کو دہلی ایئرپورٹ پر پہنچایا گیا تھا۔ ان میں سے 16 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کے ذریعہ گذشتہ روز دوپہر12بجے افغانستان سے تاجکستان کے دوشنبے کے راستے 78 افراد کو دہلی پہنچایا تھا۔ ان میں سے16 افراد میں کورونا وائر س کی تشخیص ہوئی ہے۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں تین مذہبی لیڈربھی شامل ہیں جو افغانستان کے کابل سے تاریخی اور ہاتھ سے لکھے گرو گرنتھ صاحب کے تین نسخے بھی اپنے ساتھ لائے تھے۔مرکزی وزارت صحت نے افغانستان سے آنے والے تمام افراد کے لئے قرنطینہ کو لازمی قرار دیا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری، وزیر مملکت برائے خارجہ وی مرلیدھرن اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما آر پی سنگھ نے گذشتہ روز دہلی ہوائی اڈے پر کابل سے لائے گئے شری گرو گرنتھ صاحب کے تین نسخے کو وصول کیے تھے۔ہردیپ سنگھ پوری نے بھی اس تعلق سے ٹویٹ کیا تھا کہ تھوڑی دیر پہلے کابل سے دہلی تک شری گرو گرنتھ صاحب جی کے تین نسخے کو وصول کرنے اور ان کی تعظیم کرنے میں خوشی ہوئی۔بھارت افغانستان کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے وہاں سے اپنے لوگوں کو ہنگامی طور پر نکال رہا ہے۔مرکزی وزارت صحت پہلے ہی ان لوگوں کی RT-PCR ٹیسٹنگ (فی الحال بین الاقوامی مسافروں کے لیے لازمی) سے مستثنیٰ اجازت دے چکی ہے۔