The government has announced the annual Best Teachers Award Scheme

اسکولوں ،کالجوں اوریونیورسٹی سطح کے اساتذہ کی ہرسال حوصلہ افزائی

حکومت نے کیاسالانہ بہترین ٹیچرس ایوارڈ اسکیم کا اعلان

سری نگر//جموں و کشمیر انتظامیہ نے پیر کے روز اسکولی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں کے اساتذہ کیلئے ’بہترین ٹیچرس ایوارڈز‘ اسکیم کا اعلان کیا۔کشمیرنیوزسروس کے مطابق کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ منوج کمار دویدی کی طرف سے 27ستمبر 2021کو جاری کردہ ایک حکم زیر نمبر 1008-JK(GAD)آف 2021میں ، حکومت نے کہا کہ اس نے جموں وکشمیرکے ا سکول ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اسکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹیوں میں کام کرنے والے سرشار اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے’بہترین ٹیچر ایوارڈز‘ اسکیم مرتب کی ہے۔ جاری سرکاری حکمنامے کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پاس کل 10 ایوارڈ ہیں جن میں 5جموں کیلئے اور 5کشمیر ڈویڑن کیلئے ہیں۔انعام کے بارے میں بتاتے ہوئے انتظامیہ نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے منتخب اساتذہ کو چاندی کا تمغہ 40 گرام ، سرٹیفکیٹ اور 50ہزارروپے سے نوازا جائے گا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوارڈ سالانہ اساتذہ کے دن کے موقعہ پر5 ستمبر کو دیا جائے گا۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ یہ بھی کہاکہ یونین ٹیرٹری لیول سلیکشن کمیٹی (یو ٹی ایل ایس سی)، ڈویڑنل لیول سلیکشن کمیٹیوں کی جانب سے بھیجے گئے یا اپ لوڈ کی گئی 20 اُمیدواروں کی فہرست کا جائزہ لے گی اور اسی کے مطابق ایک نئی تشخیص اور شارٹ لسٹ نامزدگی کرے گی۔اسی طرح سے ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے8کالج ٹیچروں کوبھی خصوصی ایوارڈ ،نقد انعام اورسرٹیفکیٹ سے نوازاجائیگا،جموں اورکشمیرصوبوں کے چار چار کالج ٹیچروں کاایوارڈ کیلئے انتخاب عمل میں لایاجائے گاجبکہ یونیورسٹی سطح کے2اساتذہ کوبھی ہرسال5ستمبر کوبہترین ٹیچر کے ایوارڈسے نوازجائے گا،اوران میں سے جموں اورکشمیر صوبوںکے ایک ایک یونیورسٹی ٹیچر کوایوارڈدیاجائے گا۔