وقت پر تکمیل اور اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر زور دیا
جموں//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر مسٹر عبدالرحیم راتھر نے آج سینئر افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا تا کہ جموں میں نئے قانون ساز کمپلیکس کی تعمیر ، دونوں ایم ایل اے ہوسٹلوں میں مرمت /تجدید کاری کے کام ، قانون ساز اسمبلی میں ایم ایل اے کیلئے نیوا سیوا کیندر کا انتظام اور دیگر جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق مسائل کا جائیزہ لیا جائے اور کام کی رفتار اور معیار کا براہ راست اندازہ لگایا جائے ۔ اسپیکر نے دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی جائیزہ لیا جن میں جموں میں اسمبلی ہال میں ڈیجیٹل ساؤنڈ سسٹم کی تبدیلی ، جموں ایم ایل اے ہوسٹل کے اضافی بلاک میں ایک لفٹ اور سرینگر ایم ایل اے ہوسٹل میں دو لفٹوں کی تنصیب ، الیکٹرک /سول کاموں سے متعلق مرمت کے کام شامل تھے ۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) ، سیکرٹری قانون ، انصاف و پارلیمانی امور ، سیکرٹری جے کے ایل اے کے علاوہ ڈائریکٹر اسٹیٹس اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔ جموں میں نئے قانون ساز کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے اسپیکر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ اس باوقار منصوبے کو وقت پر مکمل کیا جائے ۔ اسپیکر کو بتایا گیا کہ کام 10 دنوں کے اندر شروع ہو جائے گا اور کام کی الاٹمنٹ سے 18 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ۔ جموں میں اسمبلی ہال میں ڈیجیٹل ساؤنڈ سسٹم کی تبدیلی کے حوالے سے اسپیکر نے کہا کہ آنے والے اسمبلی اجلاس کے ہموار انعقاد کیلئے ساؤنڈ سسٹم میں کوئی خلل نہ ہو اور یہ مسلسل کام کرے ۔ اسپیکر کو یقین دلایا گیا کہ ساؤنڈ سسٹم کی تبدیلی /اے ایم سی سے متعلق کام اگلے اسمبلی اجلاس کے آغاز سے کافی پہلے مکمل کر لیا جائے گا اور ساتھ ہی اسمبلی میں ایم ایل اے کیلئے نیوا سیوا کیندر کے انتظامات بھی مکمل ہوں گے ۔ ایم ایل اے ہوسٹل جموں اور سرینگر میں مرمت /تجدید کاری کے کاموں کا جائیزہ لیتے ہوئے اسپیکر نے ڈائریکٹر اسٹیٹس سے کہا کہ جموں اور سرینگر کے ایم ایل اے ہوسٹلوں میں سول اور الیکٹرک کاموں کی اپ گریڈیشن کے کام مکمل کئے جائیں ۔ اس پر انہیں بتایا گیا کہ کام شروع ہو چکے ہیں اور مقررہ وقت میں مکمل کر لئے جائیں گے ۔ اسپیکر نے ہدایت دی کہ اسمبلی کمپلیکس کے اندر کام کرنے والے سرکاری دفاتر کو خالی کرایا جائے اور صرف قانون ساز اسمبلی سے متعلق دفاتر ہی کمپلیکس میں کام کریں ۔ اسپیکر نے اسمبلی کمپلیکس اور ایم ایل اے ہوسٹلوں کے تمام ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لینے کے بعد افسران کو ہدایت دی کہ مقررہ ٹائم لائینز پر سختی سے عمل کریں ۔










