اسمبلی سیشن کے دوران گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے نئی ہدایات

سیکورٹی اقدامات میں اضافہ، سیکرٹریٹ میں افسران کی ذاتی گاڑیوں کاداخلہ ممنوع

سرینگر// جموں و کشمیر کے اسمبلی سیشن کے دوران گاڑیوں کی آمد و رفت اور پارکنگ کو مؤثر طریقے سے منظم کرنے کیلئے نئے سیکورٹی اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔ تمام افسران و ملازمین کو پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔وی آئی ائو کے مطابق سرینگر میں آنے والے اسمبلی سیشن کی تیاری کے سلسلے میں عمومی انتظامی محکمہ نے گاڑیوں کی داخلہ اور پارکنگ کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ، وزراء اور اسمبلی کے اراکین کی گاڑیوں کے لیے مخصوص پارکنگ جگہیں مختص کی گئی ہیں۔ میڈیا اور اسمبلی کے عملے کی گاڑیوں کو بھی مخصوص جگہوں پر پارک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔سیکورٹی محافظوں (اسکارٹ) کی گاڑیوں کو کشمیر ہاٹ کے سامنے پارک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیشن کے دوران سیکرٹریٹ کے احاطے میں افسران اور دیگر ملازمین کی ذاتی گاڑیوں کی داخلہ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔تمام افسران و ملازمین کو سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سیکیورٹی) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ٹریفک) کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ گاڑیوں کی آمد و رفت اور پارکنگ کو مؤثر طور پر منظم کیا جا سکے۔ انتظامی سیکرٹریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان ہدایات کو اپنے متعلقہ محکموں میں پہنچائیں۔ یہ اقدامات اسمبلی کے اہم اجلاسوں کے دوران سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔