تہران/ایجنسیز// ایران میں پاسداران انقلاب کے نئے سربراہ محمد باکپور نے سخت انتباہ دیا ہے کہ اگر اسرائیل نے کوئی غلطی کی تو ایران اسی شدت سے جواب دے گا، جیسا کہ گزشتہ 12 دنوں کے دوران دیا گیا۔ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر ایک پریس کانفرنس میں باکپور نے کہاکہ ”ہم ایران کے دفاع میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کریں گے”۔یاد رہے کہ اسرائیل نے 13 جون کو ایران کے خلاف ایک غیر معمولی حملہ کیا تھا جس میں اس نے ایران کے فوجی اڈوں، میزائل لانچنگ پلیٹ فارمز اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں درجنوں اعلیٰ فوجی کمانڈروں اور جوہری سائنسدانوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔اسرائیلی کارروائی کے جواب میں تہران نے میزائل حملوں کا سلسلہ شروع کیا۔ بعدازاں امریکہ نے ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان پر فضائی حملے کیے۔ اس کے ردعمل میں ایرانی پاسداران انقلاب نے قطر اور عراق میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر میزائل داغے۔










