محکمہ تعلیم کا فوری طور پر اساتذہ کو فارغ کرنے کا حکم
سرینگر/یو این ایس// محکمہ تعلیم نے چیف ایجوکیشن آفیسرز اور زونل ایجوکیشن آفیسرز کے دفاتر میں دفتری کاموں پر مامور اساتذہ کو فوری طور پر فارغ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔یو این ایس کے مطابق ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں، نسیم جاوید چودھری کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ بارہا ہدایات کے باوجود تدریسی عملے کی خدمات اب بھی مختلف تعلیمی دفاتر میں غیر تدریسی اور دفتری کاموں کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں۔سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ اساتذہ کی تعیناتی صرف تعلیمی فرائض کے لیے ہے اور انہیں سی ای او یا زیڈ ای او دفاتر سمیت کسی بھی انتظامی سیٹ اپ میں دفتری یا کلرکی نوعیت کے کاموں پر مامور نہیں کیا جا سکتا۔اسی کے پیش نظر تمام سی ای اوز اور زیڈ ای اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے تمام اساتذہ کو فوری طور پر فارغ کریں اور ان کی فوری طور پر اپنی اصل تعیناتی کی جگہ پر رپورٹنگ کو یقینی بنائیں۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں متعلقہ تنخواہ تقسیم و وواگزار کرنے والے افسراں اساتذہ کی تنخواہیں فوری طور پر روک دیں گے۔سرکلر کے مطابق ہدایات کی خلاف ورزی یا عدم عملدرآمد کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور متعلقہ قواعد کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔










